18 جنوری 2026 - 16:17
کراچی: گل پلازہ میں آگ 17 گھنٹے بعد بھی بجھائی نہ جاسکی، 6 افراد جاں بحق

کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر گل پلازہ میں لگنے والی تیسرے درجے کی آگ 17 گھنٹے بعد بھی بجھائی نہ جاسکی۔ آگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔ دھویں کے باعث متعدد افراد کی حالت غیر ہوگئی، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ آگ کے باعث گل پلازہ کی عمارت کے 2 حصے گرگئے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر گل پلازہ میں لگنے والی تیسرے درجے کی آگ 17 گھنٹے بعد بھی بجھائی نہ جاسکی۔ آگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔ دھویں کے باعث متعدد افراد کی حالت غیر ہوگئی، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ آگ کے باعث گل پلازہ کی عمارت کے 2 حصے گرگئے۔ 
 

تین منزلہ عمارت میں ایک ہزار سے زائد دکانیں موجود ہیں، گراؤنڈ اور میزنائن فلور مکمل طور پر جل گئے ہیں جبکہ بالائی دو منزلوں پر آگ لگی ہوئی ہے۔

آگ کے باعث عمارت مخدوش ہوگئی ہے اور پلرز کمزور پڑگئے ہیں جس کے باعث عمارت کے مکمل طور پر گرنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ شہر کی تمام فائر ٹینڈرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں، ریسکیو اور فائر فائٹنگ آپریشن میں پاک بحریہ کی اسنارکلز اور دو فائرٹینڈر بھی شامل ہیں۔
 

پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کا فائر ٹینڈرز پہنچ گیا

کراچی گل پلازا کی آگ بجھانے کے لیے پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی سے بھی مدد طلب کی گئی ہے۔

پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی درخواست پر فائر ٹینڈرز گل پلازا پہنچ گیا ہے۔
 

فائر فائٹر سمیت 6 افراد جاں بحق، متعدد افراد زخمی

گل پلازہ میں لگنے والی آگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔

حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں فائر فائٹر بھی شامل ہے، فائر فائٹر فرقان عمارت کا ایک حصہ گرنے سے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوا۔

دیگر جاں بحق 4 افراد کی شناخت فراز، کاشف، عامر اور شہروز کے نام سے ہوئی ہے جبکہ جاں بحق ایک شخص کی شناخت نہیں ہوسکی۔

ریسکیو آپریشن کے دوران فائر بریگیڈ کی سیڑھیاں ٹوٹنے سے 2 افراد گر کر زخمی ہوگئے۔ 

گل پلازہ کے مختلف حصے گرنے کا سلسلہ جاری

آگ لگنے سے مخدوش گل پلازہ کے مختلف حصے گرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ عقبی جانب عمارت کا بڑا حصہ گرا جبکہ پلرز میں دراڑیں گہری ہوگئی ہیں۔

چیف فائر افسر کا کہنا ہے کہ آگ ہفتے کی رات سوا دس بجے کے قریب لگی اور اسے تیسرے درجے کی قرار دے کر شہر بھر سے فائر ٹینڈرز طلب کیے گئے، آگ کی وجہ سے عمارت کے مختلف حصے گر رہے  ہیں، پوری عمارت میں دراڑیں پڑ گئی ہیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ شاپنگ پلازہ میں کئی افراد کے پھنسے ہونے کی اطلاع ہے،  آگ شاپنگ پلازہ کے میز نائن فلور پر لگی، آگ نے گراؤنڈ اور فرسٹ فلور کی دکانوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا، شاپنگ پلازہ گراؤنڈ ، میز نائن پلس دو فلور پر مشتمل ہے۔

آگ کے بعد متعدد افراد تاحال لاپتا 

گل پلازہ میں لگنے والی آگ کے بعد متعدد افراد تاحال لاپتا ہیں جس کے باعث ان کے اہلِ خانہ سخت پریشان ہیں۔

لاپتا افراد کے اہلخانہ مختلف اسپتالوں میں اپنے پیاروں کی تلاش میں مصروف ہیں۔ متاثر افراد کے اہلخانہ کا کہنا ہے ان کا اپنے پیاروں سے رات تک رابطہ تھا، اب فون بند ہیں۔

سول اسپتال کے برنس سینٹر کے باہر متاثر افراد کے اہلخانہ کی بڑی تعداد موجود ہے۔ خدشہ ہے کہ کئی افراد اب بھی عمارت کے اندر موجود ہوں۔

گھر والوں کا سہارا بننے والا 20 سالہ عامر بھی جاں بحق

آگ سے گھر والوں کا سہارا بننے والا ریلوے کالونی کا رہائشی نوجوان عامر بھی جان کی بازی ہار گیا۔

اہلخانہ کا کہنا ہے کہ واقعے سے کچھ دیر قبل متوفی عامر کی اپنے بھائی سے بات بھی ہوئی تھی۔ محمد عامر گل پلازا کے گراؤنڈ فلور پر فوٹو فریم کی دکان میں کام کرتا تھا۔

گل پلازہ میں فائر فائٹرز داخل نہیں ہوسکے

سینئر فائر آفیسر عارف منصوری نے کہا ہے کہ گل پلازہ میں فائر فائٹرز داخل نہیں ہوسکے، تپش زیادہ ہونےکی وجہ سے اندر داخل ہونےمیں مشکلات ہیں۔

چیف فائر آفیسر کا کہنا ہے کہ عمارت میں زوردار دھماکا ہوا، جس کے بعد آگ مزید پھیل گئی ہے، دھماکا گیس لیکج کے باعث ہوا۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق شاپنگ پلازہ میں دکانوں کی تعداد تقریباً 1200 ہے۔

آتشزدگی کے باعث اطراف کے علاقوں میں تبت چوک سے  گارڈن چوک ایم اے جناح روڈ اور انکل سریا چوک سے سینٹرل پلازہ تک ماسٹن روڈ بند ہے۔

ٹریفک کو تبت چوک سے جوبلی کی طرف اور انکل سریا چوک سے ٹینکر چورنگی اور گارڈن چوک کی طرف منتقل کردیا گیا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha