اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، علامہ مقصود علی ڈومکی کا ضلع لاڑکانہ دورہ ضلعی صدر مولانا عمران حسین چانڈیو اور دیگر ضلعی و تحصیلی رہنماؤں نے خوش آمدید کے ساتھ کیا۔ دورے کے دوران ایم ڈبلیو ایم ضلع لاڑکانہ کی ایک اہم تنظیمی میٹنگ بھی منعقد ہوئی، جس کی صدارت صوبائی آرگنائزر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کی۔ اجلاس میں ضلعی صدر نے ضلع کی تنظیمی رپورٹ پیش کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ تنظیمی نظم و ضبط، تحصیل سطح پر فعالیت، عوامی رابطہ مہم اور آئندہ لائحہ عمل پر توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے عشرۂ تکریم شہداء کے حوالے سے کہا کہ اس کا مقصد شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنا اور ان کی قربانیوں کو زندہ رکھنا ہے۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ شہداء نے دین اسلام اور حرم اہل بیت کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کیں، اور آج ہماری ذمہ داری ہے کہ ان کے مشن کو آگے بڑھائیں اور اتحاد، شعور اور بیداری کے ساتھ میدان عمل میں رہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین شہداء کے افکار اور نظریات کی روشنی میں ظلم، ناانصافی اور دہشتگردی کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر مؤثر کردار ادا کرے گی۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے رہبرِ معظم آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہای (دام ظلہ العالی) کی شان میں کی جانے والی ہر قسم کی گستاخی، بہتان اور جھوٹی خبروں کو سخت ناقابلِ قبول قرار دیا اور کہا کہ رہبرِ معظم دشمن کو عبرتناک انجام سے دوچار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
اجلاس میں ضلع اور تحصیل کابینہ کے اہم ذمہ داران بھی شریک ہوئے، جن میں ضلعی صدر مولانا عمران حسین چانڈیو، ضلع جنرل سیکریٹری زوار نوشاد علی کھوکھر، تحصیل رتوڈیرو کے صدر برادر نیک محمد لاڑک، نائب صدر جاوید علی شر، تحصیل باقرانی کے صدر زوار اختر علی، جنرل سیکریٹری ذوالفقار علی شیخ، تحصیل ڈوکری کے صدر برادر اظہر علی ماچھی اور نائب صدر آفتاب علی شامل تھے۔ اجلاس میں تنظیمی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آئندہ سرگرمیوں کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔
بعد ازاں علامہ مقصود علی ڈومکی نے کھوکھر گوٹھ لاڑکانہ میں جشن مولود کعبہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولائے کائنات حضرت امیر المومنین علی علیہ السلام کے فضائل بیان کیے۔
آپ کا تبصرہ