اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، اوسپاک انٹرفیتھ بورڈ کے زیر اہتمام بین المذاہب ہم آہنگی کے موضوع پر راولپنڈی میں تقریب منعقد ہوئی۔ جس کی صدارت رہنما شیعہ علماء کونسل پاکستان اور auspak انٹر فیتھ بورڈ کے صدر علامہ اشفاق وحیدی نے کی جبکہ میزبانی سائیں محمد اعجاز ملک ممبر امن کمیٹی راولپنڈی نے کی۔
علامہ اشفاق وحیدی نے خطاب کرتے ہوئے بین المذاہب ہم آہنگی و مسلک کو استحکام پاکستان کے لیے ضروری قرار دیا اور کہا: ہر مذہب انسان سازی کرتا ہے۔ اسلام ایک ایسا مذہب ہے جو امن و سلامتی اور دلوں کو جوڑنے کا پیغام دیتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا: نفرت و تفریق ڈالنے والوں کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔ دنیا میں اچھا انسان بننے سے مذہب پہچانا جاتا ہے۔
علامہ اشفاق وحیدی نے کہا: اخلاق حسنہ کو بلند رکھنا اور صبر، تحمل و برداشت، اسی طرح ایک دوسرے کے مقدسات کا احترام اسلام اور دین الٰہی کا واضح پیغام ہے۔
قابل ذکر ہے کہ تقریب سے امن کمیٹی کے چیئرمین جناب مولانا اقبال رضوی، انجمن تاجران کے صدر شیخ وحیدی، منہاج القرآن دبی کے صدر راجہ عادل، ال ریسٹورنٹ ایسوسیشن کے صدر اور ممبر امن کمیٹی سائیں محمد اعجاز ملک و دیگران نے بھی خطاب کیا ہے۔
آپ کا تبصرہ