ریڈیو تہران:
آج صبح اورکزئی ایجنسی کے علاقے فیروز خیل میں مسلح شدت پسندوں نے سکیورٹی فورسز کی ایک چیک پوسٹ پر راکٹوں اور خودکار ہتھیاروں سے حملہ کیا؛ اس حملے کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز کے دو اہلکار ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والے اہلکاروں میں ایک لیفٹینٹ اور ایک نائب صوبیدار شامل ہیں۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی جوابی کاروائی میں نو شدت پسند ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ مسلح شدت پسندوں نے جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب چیک پوسٹ کے قریب کئی علاقوں پر قبضہ کرلیا تھا تاہم وہ صبح ہوتے ہی غائب ہوگئے ہیں۔
جنگ رپورٹ:
اورکزئی ایجنسی :فورسز سے جھڑپیں ،15 شدت پسند مارے گئے
اورکزئی ایجنسی میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں 15 شدت پسند مارے گئے اور بائیس کو گرفتار کرلیا گیا ۔ذرائع کے مطابق اپر اورکزئی ایجنسی کے علاقے خوئے داد خیل میں سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں میں زوردار جھڑپ ہوئی ۔ فائرنگ کے تبادلے میں نو شدت پسند مارے گئے اور دو سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔22 شدت پسندوں کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیاگیا۔ادھر لوئر اورکزئی ایجنسی کے علاقے چپری فیروز خیل میں شدت پسندوں نے صبح سویرے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس سے چیک پوسٹ کو جزوی نقصان پہنچا ۔فورسز کی جوابی کارروائی میں چھ شدت پسند مارے گئے اور ان کی تین گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں ۔شدت پسندوں کے دیگر ساتھی فرار ہوگئے ۔