24 دسمبر 2025 - 18:26
نیتن یاہو کے بے وقعت اور مضحکہ خیز بیانات ہمیں فلسطین کی حمایت سے نہیں روک سکتے

ترکیہ کے صدارتی ادارۂ اطلاعات کے سربراہ برہان الدین دوران نے کہا ہے کہ نیتن یاہو کی قیادت نہ صرف خطے کے لیے بلکہ خود اسرائیلی عوام کے لیے بھی تباہ کن ثابت ہوئی ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، برہان الدین دوران نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر جاری بیان میں کہا کہ یہ ایک طنزیہ حقیقت ہے کہ اسرائیلی رہنما دوسروں پر نوآبادیاتی عزائم کے الزامات لگاتے ہیں، جبکہ وہ خود حالیہ عرصے میں تاریخ کی بدترین نسل کشیوں میں سے ایک کے مرتکب ہو چکے ہیں۔

انہوں نے غزہ میں جاری تباہ کن جنگ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل ہمیشہ خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے والی قوت رہا ہے اور ترکیہ کی طاقت اور اثر و رسوخ سے اس کا مسلسل خوف مضحکہ خیز ہے۔

برہان الدین دوران نے کہا کہ صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں ترکیہ خطے میں استحکام اور امن کا ذریعہ رہا ہے، جبکہ اس کے برعکس نیتن یاہو کی حکومت نے پورے خطے کے لیے خون اور آنسوؤں کے سوا کچھ نہیں دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی حکومت اپنی علاقائی توسیع پسندانہ خواہشات کو قومی سلامتی کے تقاضوں کی آڑ میں چھپانے کی کوشش کرتی رہی ہے۔

ترکیہ کے صدارتی ادارۂ اطلاعات کے سربراہ نے زور دے کر کہا کہ اسرائیل آج بھی فلسطین اور شام میں ایک قابض طاقت کے طور پر موجود ہے اور گزشتہ دو برسوں کے دوران اس رژیم نے مشرقِ وسطیٰ کے کم از کم سات ممالک پر حملے کیے ہیں، جبکہ نیتن یاہو کی قیادت نہ صرف خطے بلکہ اسرائیلی عوام کے لیے بھی ایک المیہ بن چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو اس وقت ترکیہ کے خلاف حملے کی باتیں کر کے اپنی جرائم سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔

برہان الدین دوران نے واضح کیا کہ ترکیہ ہمیشہ ان تمام قوتوں کے ساتھ کھڑا رہے گا جو امن اور استحکام کے خواہاں ہیں، اور نیتن یاہو جیسے رہنماؤں کے بے وقعت اور مضحکہ خیز بیانات ترکیہ کو اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کی حمایت سے ہرگز نہیں روک سکتے، جبکہ تمام تر سازشوں کے باوجود بالآخر امن ہی غالب آئے گا۔

دوسری جانب، نیتن یاہو یونان کے وزیر اعظم کیریاکوس میتسوتاکیس کے ساتھ تعلقات بہتر بنا کر اپنی بین الاقوامی سیاسی تنہائی ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جو اسے اکتوبر 2013 میں غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج کی تباہ کن جنگ کے بعد سے درپیش ہے۔

رپورٹ کے مطابق، پیر کے روز نیتن یاہو نے مقبوضہ القدس میں یونان کے وزیر اعظم کیریاکوس میتسوتاکیس اور یونانی قبرص کے صدر نیکوس کرسٹوڈولیدس کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی، جس میں دفاعی شعبے سمیت مختلف میدانوں میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha