اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، کراچی میں قائم دینی و تحقیقی ادارہ المرضیہ دارالتحقیق و تبلیغ گزشتہ دو دہائیوں سے دینی معارف کے فروغ، اہلِ بیت علیہم السلام کی تعلیمات کی ترویج اور فکری و اعتقادی شعور کی بیداری کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔
یہ ادارہ بالخصوص مومنین اور مبلغینِ دین کے لیے مستند علمی مواد، تحقیقی رہنمائی اور مضبوط فکری بنیاد فراہم کرنے کے مقصد کے تحت کام کر رہا ہے، تاکہ دینی پیغام کو واضح، مدلل اور مؤثر انداز میں معاشرے تک پہنچایا جا سکے۔
المرضیہ دارالتحقیق و تبلیغ کی بنیاد علامہ مراد علی بلاغی نے سن 2002ء میں اپنے دورِ طلبگی کے دوران رکھی۔ ادارے کی بنیادی حکمتِ عملی یہ ہے کہ اہم دینی اور فکری موضوعات کو تحقیق، تصنیف اور ترجمے کے باقاعدہ مراحل سے گزار کر ایسی کتب اور علمی مواد تیار کیے جائیں جو علمی اعتبار سے مستند اور تبلیغی تقاضوں کے مطابق ہوں۔
ادارہ نہ صرف دینی کتب کی تیاری اور اشاعت میں سرگرم ہے بلکہ موجود علمی سرمائے کو عصرِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق سادہ، منظم اور قابلِ فہم انداز میں پیش کرنے کی کوشش بھی کرتا ہے، تاکہ نئی نسل تک دینی پیغام مضبوط بنیادوں کے ساتھ منتقل ہو سکے۔
المرضیہ دارالتحقیق و تبلیغ کی جانب سے مختلف زبانوں میں بھی علمی مواد شائع کیا گیا ہے، تاکہ دینی معارف وسیع حلقوں تک پہنچ سکیں اور مختلف لسانی طبقات اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔
ذرائع کے مطابق، سن 2013ء سے مولانا مراد علی بلاغی سندھ اور جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں تبلیغی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ ان سرگرمیوں میں دروس و مجالس کی تیاری، مبلغین کی علمی تربیت، اور مختلف مواقع پر ورکشاپس اور سیمینارز کا انعقاد شامل ہے۔
اسی سلسلے میں مولانا مراد علی بلاغی نے المرضیہ دارالتحقیق و تبلیغ کے نام سے باقاعدہ اشاعتی کام کا آغاز بھی کیا، جس کے تحت متعدد دینی کتب کی تالیف، ترتیب، تحقیق اور اشاعت کا منظم سلسلہ جاری ہے۔
ادارے کے تحت اب تک تقریباً 30 دینی و فکری کتب شائع کی جا چکی ہیں، جن میں سندھی اور اردو زبان میں متعدد اہم تصانیف شامل ہیں۔
شائع شدہ نمایاں کتب
سندھی زبان میں:
روزي دارن جو آواز، سيد الشهداء جي عظمت، نماز جي فضیلت، طريقو ۽ احکام، خوشبوءِ زہراء سلام اللہ علیہا، چراغِ ہدایت، معرفتِ اہلِ بیت، ڏاھپ پريا ڏس (کلماتِ قصار کا ترجمہ)، دین جا بنیادی سبجیکٹ، معرفتِ رمضان۔
اردو زبان میں:
صدیقۂ طاہرہ مظلومہ کیوں؟، اسلامی معاشرے کے بنیادی اصول، معرفتِ رمضان، حقیقتِ جوان و جوانی، توحید اور بندگی، احادیثِ عزاداری، اخلاقِ عملی، مشکل زندگی کو آسان کیسے بنائیں؟، تقلید: زنجیرِ پا یا آزادی؟، امام مہدیؑ نویدِ انسانیت، امامت و عدالت نہج البلاغہ کی نظر میں، شناختِ عاشورہ، حسینؑ نویدِ انبیاء، شرح اسمائے خاتونِ جنت۔
علمی حلقوں کا کہنا ہے کہ المرضیہ دارالتحقیق و تبلیغ کی یہ کاوشیں دینی تبلیغ، فکری تربیت اور تحقیقی میدان میں ایک مضبوط اور قابلِ قدر علمی سرمایہ ہیں، جو بالخصوص مبلغینِ دین کے لیے رہنمائی کا اہم ذریعہ بن چکی ہیں۔
آپ کا تبصرہ