21 دسمبر 2025 - 19:41
تولّیٰ و تبرّیٰ قرآن کا واضح حکم، اہلِ حق کا ساتھ دینا وقت کی اہم ذمہ داری ہے: علامہ مقصود علی ڈومکی

مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے صوبائی آرگنائزر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ قرآنِ کریم اللہ اور اولیائے خدا سے محبت اور ان کے دشمنوں سے نفرت کا واضح حکم دیتا ہے، جسے دینی اصطلاح میں تولّیٰ اور تبرّیٰ کہا جاتا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے صوبائی آرگنائزر علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع سکھر کی تحصیل پنو عاقل، گوٹھ دولت خان ڈومکی میں منعقدہ سالانہ مجلسِ عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ اور اللہ والوں سے محبت ایمان کا بنیادی تقاضا ہے، جبکہ اللہ، رسولؐ اور اولیائے خدا کے دشمنوں سے نفرت قرآنِ کریم کا صریح حکم ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح قرآنِ مجید محمدؐ و آلِ محمدؑ پر درود و سلام کا حکم دیتا ہے، اسی طرح ان کے دشمنوں پر لعنت کا بھی حکم دیتا ہے۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے قرآنِ کریم کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: “جو لوگ اللہ اور اس کے رسولؐ کو اذیت دیتے ہیں، ان پر دنیا اور آخرت میں اللہ کی لعنت ہے۔”

انہوں نے پیغمبرِ اکرم ﷺ کی حدیث بیان کرتے ہوئے کہا: “جس نے علیؑ اور فاطمہؑ کو اذیت دی، اس نے مجھے اذیت دی۔”

علامہ مقصود علی ڈومکی نے سلطان پور میں مجلس علماء مکتب اہل بیت صوبہ سندھ کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا نثار سمائر کی رہائش گاہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عصرِ حاضر میں اہلِ حق کا ساتھ دینا اور باطل و طاغوتی قوتوں کے خلاف ڈٹ جانا وقت کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے قائد شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی، شہید آیت اللہ باقر النمر، شہید آیت اللہ محمد باقر الصدر، شہید مرتضیٰ مطہری اور شہید آیت اللہ بہشتی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان عظیم شخصیات نے امتِ مسلمہ کو فکری اور عملی طور پر درست سمت فراہم کی۔

فلسطین کے مسئلے پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ امتِ مسلمہ کو اسرائیل غاصب کے خلاف بھرپور اور مسلسل جدوجہد جاری رکھنی چاہیے۔ انہوں نے اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کو شرعی، اخلاقی اور انسانی فریضہ قرار دیا۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب فلسطینی عوام کا قتلِ عام ہو رہا تھا تو مسلم ممالک اور مسلم افواج خاموش تماشائی بنے رہے، اور اب امریکا کے کہنے پر فوج بھیج کر امتِ مسلمہ اور مظلوم فلسطین کو کیا پیغام دیا جا رہا ہے، جبکہ امریکا خود غزہ کے قتلِ عام کا برابر کا مجرم ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ حماس فلسطینی عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے، جو نہ صرف فلسطین بلکہ پوری امتِ مسلمہ میں مقبول ہے، اور حماس کے خلاف کسی بھی قسم کی سازش کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔

بعد ازاں علامہ مقصود علی ڈومکی نے گاؤں دولت خان ڈومکی میں خطیب اہل بیت مولانا سائیں بخش مناظری سے ملاقات بھی کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha