پاکستان میں سفیرانِ ہدایت سیمینار, مسلم علماء کے مابین اتحاد و تعاون پر زور
اہلِ بیتؑ نیوز ایجنسی کے مطابق اس سیمینار میں نامور علما جن میں علامہ مقصود علی دومکی، علامہ سہیل اکبر شیرازی، علامہ سید ظفر عباس شمسی اور علامہ ذوالفقار علی سعیدی شامل تھے، نے خطاب کیا۔
اس موقع پر مجلس علمائے مکتبِ اہلِ بیت بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ ذوالفقار علی سعیدی نے مسلم معاشرے میں اتحاد و یکجہتی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا واحد حل باہمی اتحاد، رواداری اور فکری ہم آہنگی میں مضمر ہے۔
انہوں نے کہا کہ علما معاشرے کی فکری اور اخلاقی تربیت میں رہنما کردار ادا کرتے ہیں، اور اگر علما آپس میں اتحاد و تعاون کا مظاہرہ کریں تو اس کے مثبت اثرات پورے معاشرے اور امت پر مرتب ہوں گے۔
علامہ سعیدی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فکری اختلافات کو نفرت اور تقسیم کا ذریعہ بنانے کے بجائے علمی مکالمے اور اصلاح کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔
آخر میں مقررین نے اسلامی تبلیغی مرکز بلوچستان کی کوششوں کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ اس نوعیت کے سیمینار امتِ مسلمہ میں شعور بیدار کرنے اور اتحاد و یکجہتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔
آپ کا تبصرہ