اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، حضرت عباسؑ کے حرمِ مطہر کی جانب سے پاکستان کے شہر کراچی کے علاقے انجولی میں حضرت فاطمہ زہراءؑ کی سیرتِ طیبہ کے موضوع پر خواتین کے لیے ایک علمی نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر بھر کی خواتین نے بھرپور شرکت کی۔
یہ نشست جشنِ میلادِ سیدہ فاطمہ زہراءؑ کی مناسبت سے منعقد ہونے والے تیسرے سالانہ فیسٹیول "فاطمہؑ—سبیلِ نجات” کی سرگرمیوں کا حصہ تھی۔
اس موقع پر حرمِ حضرت عباسؑ کے دینی امور کے ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین اور حرم کے امام جماعت جناب الشیخ صلاح کربلائی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل تین سالوں سے اس بابرکت محفل میں شرکت، پاکستان کے مؤمنین کے ساتھ دینی و ثقافتی روابط کو مزید مضبوط بنا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایمان کے بعد نماز سب سے اہم رکن اسلام ہے، جو انسان کی تربیت، خاندانی نظام کی تعمیر اور معاشرتی اقدار کے استحکام میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے سیدہ نساءِ عالم حضرت فاطمہ زہراءؑ اور آئمہ معصومین علیھم السلام کی سیرت طیبہ کا تذکرہ کیا اور نماز کی پابندی، اس کی ترغیب اور اسے روزمرہ زندگی کا مستقل حصہ بنانے پر زور دیا ہے۔
اس علمی نشست کے دوران حضرت فاطمہ زہراءؑ کی حیاتِ طیبہ پر چار تحقیقی مقالات پیش کیے گئے، جبکہ مقالات پیش کرنے والی خواتین محققین کو حرمِ حضرت عباسؑ کے وفد کی جانب سے اعزازی اسناد سے نوازا گیا۔
حرمِ حضرت عباسؑ اس فیسٹیول کے انعقاد کے ذریعے حضرت فاطمہ زہراءؑ کی یاد کو زندہ رکھنے اور ان کی اقدار و اصولوں کو اسلامی معاشرے کے مختلف طبقات میں فروغ دینے کی کوشش کر رہا ہے۔
آپ کا تبصرہ