
تینوں ملک اعلیٰ حکومتی سطح کے ساتھ انٹیلی جنس تبادلے کیلئے بھی رابطے قائم کریں گے ، افغانستان کاکہناہے کہ اسے پاکستان اور بھارت کی کشیدگی سے دور رکھا جائے۔ دفتر خارجہ، اسلام آباد میں افغان مسئلہ پرسہ فریقی مذاکرات ہوئے جن میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ افغان وزیرخارجہ ڈاکٹر رنگین دادفر سپانتا اور ایرانی وزیرخارجہ منوچہر متقی نے شرکت کی۔مذاکرات میں رواں ماہ کے آخر میں ترکی ، روس اور برطانیہ میں افغانستان سے متعلق ہونے والی علاقائی اور عالمی کانفرنسزسے متعلق امورکے ساتھ امریکاکی نئی افغان پالیسی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مذاکرات میں فریقین نے اسلحہ اور منشیات کی اسمگلنگ اور عسکریت پسندی کے چیلنجزکامقابلہ کرنے کے لئے مشترکا اقدام کرنے پر اتفاق کیا۔ مذکرات کے بعد اعلان اسلام آباد کے نام سے جاری اعلامیہ پر تینوں وزرا خارجہ نے دستخط کئے۔شاہ محمودقریشی نے مشترکہ نیوزبریفنگ میں بتایا کہ تینوں ممالک کے سربراہان کا اجلاس جلد اسلام آباد میں ہوگاجبکہ انٹیلی جنس سربراہان تہران میں ملاقات کریں گے۔وزیرخارجہ نے بتایاکہ تینوں ملکوں کے وزرا داخلہ کا اجلاس جلد اسلام آباد اور وزرا خزانہ کا اجلاس کابل میں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ افغانستان اور اس کے ہمسایہ علاقائی ممالک کے وزرا خارجہ کی کانفرنس جلد تہران میں ہوگی۔ ایرانی وزیرخارجہ کاکہناتھاکہ علاقائی مسائل حل کرنے کیلئے اگلے تین ماہ میں موٴثر مشترکا حکمت عملی تیارکرلی جائیگی۔