کراچی: علماء ملت جعفریہ کے رہنما مولانا مرزا یوسف نے یوم عاشور کے واقعے کے بعد گرفتار کیے گئے افراد کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض متعصب افسران شیعہ دشمنی کا کھلم کھلا ثبوت دے رہے ہیں۔وہ جمعرات کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر مولانا حسن صلاح الدین،مولانا عباس وزیری،ڈاکٹر عقیل موسیٰ،مختار امامی،علامہ حیدر عباس عابدی و دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ یوم عاشورہ کے واقعات کے بعد 86 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور من پسند بیان حاصل کرنے کیلئے ان پر بدترین تشدد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے صورتحال کے پیش نظر آئی جی سندھ اور وزیر داخلہ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی،وہ فون نہیں اٹھا رہے انہوں نے کہا کہ ایسی اطلاعات مل رہی ہیں کہ چہلم کے جلوس کو روکنے کی کوشش کی جائے گی۔ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ چاہے تشدد کیا جائے یا ہمیں اسیر بنایا جائے،ہم جلوس ہر حالت میں نکالیں گے اور اس سلسلے میں احتجاج کرنے کے لیے جمعہ کو بعد نماز جمعہ کراچی کی تمام مرکزی شاہراہوں کو بلاک کر کے ماتمی دستے ماتم کریں گے اور اگر مطالبات پورے نہ ہوئے تو یہ سلسلہ ملک گیر سطح پر جاسکتا ہے اور مرکزی شاہراہوں کو بند کر دیا جائے گا۔
18 مارچ 2010 - 20:30
News ID: 175632
مولانا مرزا یوسف حسین نے کہا ہے کہ من پسند بیان حاصل کرنے کیلئے شیعہ نوجوانوں پر بدترین تشدد کیا جا رہا ہے، انھوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گرفتار افراد کو فوری رہا کیا جائے۔