15 نومبر 2025 - 09:00
مآخذ: ابنا
آل انڈیا شیعہ پرسنل لا بورڈ کا اجلاس عام ۲۸ دسمبر کو لکھنو میں منعقد ہوگا

آل انڈیا شیعہ پرسنل لا بورڈ کے جنرل سیکرٹری اور ممتاز شیعہ عالمِ دین مولانا یعسوب عباس نے اعلان کیا ہے کہ بورڈ کا اجلاسِ عام 28 دسمبر کو دن 11 بجے بڑا امامباڑا، حسین آباد، لکھنؤ میں منعقد ہوگا۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، آل انڈیا شیعہ پرسنل لا بورڈ کے جنرل سیکرٹری اور ممتاز شیعہ عالمِ دین مولانا یعسوب عباس نے اعلان کیا ہے کہ بورڈ کا اجلاسِ عام 28 دسمبر کو دن 11 بجے بڑا امامباڑا، حسین آباد، لکھنؤ میں منعقد ہوگا۔ مولانا یعسوب عباس نے بتایا کہ یہ اجلاس نہایت اہم نوعیت کا حامل ہے جس میں موجودہ ملکی حالات، شیعہ پرسنل لا سے متعلق امور، سماجی و مذہبی مسائل اور تنظیمی امور پر جامع گفتگو کی جائے گی۔

مولانا نے کہا کہ ملک کے بدلتے ہوئے حالات میں شیعہ برادری کے حقوق اور ان کے مسائل پر متحدہ موقف اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اسی تناظر میں اس اجلاس میں نہ صرف پالیسی سازی پر غور کیا جائے گا بلکہ ماضی کی کارکردگی کا جائزہ لے کر آنے والے سال کے لیے حکمتِ عملی بھی وضع کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آل انڈیا شیعہ پرسنل لا بورڈ ہمیشہ سے برادری کی فلاح، اصلاحِ معاشرہ اور دینی رہنمائی کے لیے سرگرم رہا ہے۔ اس اجلاس میں مختلف شعبہ جات کی کارکردگی رپورٹس پیش کی جائیں گی، جبکہ علماء و عمائدین کی آراء کی روشنی میں آئندہ کے قومی و سماجی لائحۂ عمل پر بھی گفتگو ہوگی۔

مولانا یعسوب عباس نے تمام ارکانِ بورڈ، علمائے کرام، ذمّہ دارانِ تنظیم اور سماجی شخصیات سے مؤدبانہ گزارش کی ہے کہ وہ اس اہم اجلاس میں بروقت شرکت کریں تاکہ اجتماعی فیصلوں میں بھرپور مشاورت ممکن ہو سکے۔ اُن کے مطابق یہ اجلاس نہ صرف تنظیمی اعتبارات سے اہم ہے بلکہ مستقبل میں شیعہ برادری کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بھی راہ ہموار کرے گا۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ بڑا امامباڑا جیسی تاریخی اور روحانی فضا میں منعقد ہونے والا یہ اجلاس یقیناً وحدت، بیداری اور تعمیرِ ملت کے نئے راستے متعین کرے گا، اس لیے تمام احباب سے بھرپور شرکت کی پرزور اپیل کی جاتی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha