اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین ضلع خیرپور کا ایک اہم اجلاس حیدری امام بارگاہ خیرپور میں صوبائی آرگنائزر علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں تنظیمی امور اور آئندہ لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں اتفاقِ رائے سے نو رکنی ضلعی آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی گئی۔
اجلاس میں صوبائی آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین علامہ منور حسین سولنگی، چوہدری اظہر حسن، آغا منور حسین جعفری، سابق ضلعی نائب صدر مولانا سعید احمد سولنگی، سابق سیکرٹری تبلیغات مولانا امیر حیدر بہشتی، سیکرٹری تنظیم سازی فقیر ثمر حسین شر، سابق اراکینِ ضلعی کابینہ عبد الستار شر، نظیر احمد ملاح، فقیر خیر محمد مولائی سمیت مختلف تحصیلوں کے ذمہ داران ذاکر حسین مہرانی، مولانا عجیب علی زمانی، مولانا ساجد رضا اور دیگر شریک ہوئے۔
اجلاس کے آغاز میں ضلعی سیکرٹری تنظیم سازی فقیر ثمر حسین شر نے ضلع کی تنظیمی یونٹس، ضلعی کابینہ اور تحصیلوں کی کارکردگی رپورٹ پیش کی، جبکہ سابق ضلعی نائب صدر مولانا سعید احمد سولنگی اور مولانا امیر حیدر بہشتی نے سابقہ کابینہ کی کارکردگی سے متعلق تفصیلات بیان کیں۔ اس موقع پر مختلف تحصیلوں کے ذمہ داران نے تنظیمی فعالیت میں بہتری کے لیے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔
صوبائی آرگنائزر علامہ مقصود علی ڈومکی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ایک الٰہی جماعت ہے جو انبیاء و اولیاء کے مشن کی تکمیل اور مکتبِ اہل بیتؑ کی سربلندی کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائدِ شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی رحمۃ اللہ علیہ نے ہمیں تین بنیادی جہتوں میں جدوجہد کا راستہ دکھایا ہے:
-
بحیثیت مسلمان، امتِ مسلمہ کے اتحاد و وحدت کے فروغ کے لیے کوشش کرنا،
-
بحیثیت پاکستانی، وطنِ عزیز کی ترقی اور آئینِ پاکستان کے تحفظ کے لیے کردار ادا کرنا،
-
اور بحیثیت شیعہ، ملت کے حقوق کے دفاع اور قومی وقار کی بحالی کے لیے جدوجہد کرنا۔
انہوں نے کہا کہ جب آئینِ پاکستان پامال کیا جائے اور جمہوریت پر آمریت مسلط کی جائے تو ایسے وقت میں آئین اور قومی سالمیت کے تحفظ کے لیے آواز بلند کرنا ہر محبِ وطن شہری کی ذمہ داری ہے۔ علامہ ڈومکی نے قائدِ وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی آئینِ پاکستان کے تحفظ کے لیے جاری جدوجہد کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
اجلاس کے اختتام پر نو رکنی ضلعی آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی گئی، جس کے اراکین میں مولانا امیر حیدر بہشتی، مولانا سعید احمد سولنگی، مولانا عجیب علی زمانی، ذاکر حسین مہرانی، عبد الستار شر، نظیر احمد ملاح، پروفیسر محمد ایوب شر، فقیر خیر محمد شیخ اور فقیر ثمر حسین شر شامل ہیں۔
آخر میں صوبائی آرگنائزر علامہ مقصود علی ڈومکی نے نومنتخب ضلعی آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین سے حلف لیا۔
آپ کا تبصرہ