بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، شهید سید حسن نصر اللہ ، سابق سکریٹری جنرل حزب اللہ کی پہلی برسی کے موقع پر بنگلور کی مسجد عسکری میں ایک عظیم الشان سیمینار منعقد ہوا۔
یہ پروگرام انجمن امامیہ اور ادارہ فیض الاسلام کے اشتراک سے ترتیب دیا گیا تھا، جس میں شہدائے مزاحمت کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
شرکا نے کہا کہ سید حسن نصر اللہ کو ان کی جرات، شجاعت اور بے مثال خطابت پر ہر مذہب وملت میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ انہوں نے حزب اللہ کی قیادت کرتے ہوئے لبنان کی خود مختاری کے دفاع اور فلسطین کے حق میں آواز بلند کرنے میں تاریخی کردار ادا کیا۔
27 ستمبر 2024 کو وہ بیروت میں امریکی پشت پناہی میں اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہوئے، جب ایف 15 طیاروں اور بنکر بسٹر بموں کے ذریعے ایک زیر زمین مضبوط پناہ گاہ پر 80 ٹن بارود گرایا گیا۔
مقررین نے کہا کہ حسن نصر اللہ کی قیادت اور اسرائیل کے خلاف فتوحات انہیں امریکی و صہیونی مفادات کے لیے سب سے بڑا چیلنج بناتی رہیں۔
سیمینار میں دیگر شہدا کو بھی یاد کیا گیا، جن میں شہید ہاشم صفی الدین سینئر حزب اللہ اسٹریٹجسٹ ، شہید اسماعیل ہنیہ فلسطینی رہنماء ، شہید ییی سنوار فلسطینی مزاحمتی کمانڈر ، شہید ابو مہدی المهندس عراقی پی ایم ایف کمانڈر اور شہید جنرل قاسم سلیمانی کمانڈر قدس فورس، ایران شامل تھے۔
اسی کے ساتھ غزہ کے ایک لاکھ سے زائد شہدا، ایران کے حالیہ 900 شہدا بشمول ایٹمی سائنسدان اور دنیا کے دیگر خطوں میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
پروگرام سے جناب ایم سی عباس، مولانا سید اعظم علی جعفری، مولانا میر قائم عباس، مولانا سید علی باقر، مولانا سید رضا عباس، مرزا عابد علی اور مرزا افسر علی سمیت کئی مقررین نے خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ حسن نصر اللہ ایک فرد کا نہیں بلکہ ایک تحریک اور ایک فکر کا نام ہے، جسے ختم نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جو قومیں اپنے شہدا کی قربانیوں کو یاد نہیں رکھتیں وہ بھی ترقی نہیں کر سکتیں ۔
مقررین نے کہا کہ فلسطینی عوام بھوک اور پیاس کی شدت کے باوجود ظالم کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں اور یہی مزاحمت اس بات کا ثبوت ہے کہ انصاف اور عزت ہمیشہ ظلم و جبر سے زیادہ طاقتور رہیں گے۔
اس موقع پر بڑی تعداد میں عوام موجود تھے جنہوں نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور عزم ظاہر کیا کہ مزاحمت کی راہ پر چلنے والے بھی تنہا نہیں رہیں گے۔

شهید سید حسن نصر اللہ ، سابق سکریٹری جنرل حزب اللہ کی پہلی برسی کے موقع پر بنگلور کی مسجد عسکری میں ایک عظیم الشان سیمینار منعقد ہوا۔
آپ کا تبصرہ