بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق،شیعہ فیڈریشن صوبہ جموں کی طرف سے ایک روزہ سیرت النبیؐ کانفرنس ۵ اکتوبر ۲۰۲۵ کو جموں میں منعقد کی جائے گی۔ اس خصوصی پروگرام میں آیت اللہ عقیل الغروی مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کریں گے جبکہ فیڈریشن کے سرپرست اعلیٰ حجت الاسلام والمسلمین مولانا مختار جعفری صاحب بھی تقریب سے خطاب کریں گے۔
فیڈریشن کے صدر عاشق خان نے میڈیا کو بتایا کہ اس کانفرنس کا مقصد نبی کریمؐ کی سیرت طیبہ کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرنا اور نوجوان نسل کو ان کی تعلیمات سے روشناس کروانا ہے تاکہ اسلامی اخلاقیات کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں علمی و دینی شخصیات کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شرکت کریں گے۔
عاشق خان نے مزید بتایا کہ کانفرنس میں شرکت کے لیے تمام متعلقہ افراد، علماء، طلباء و نوجوانوں اور شیعہ فیڈریشن کے کارکنان کو خصوصی دعوت دی جاتی ہے تاکہ اس روحانی موقع سے بھرپور استفادہ کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اس قسم کے پروگرام مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن و محبت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اسی تناظر میں فیڈریشن بھرپور کوشش کر رہی ہے کہ سیرت النبیؐ کی تعلیمات کو عام کیا جائے۔
کانفرنس کی انتظامیہ نے متعلقہ اداروں اور عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس روحانی تقریب میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اس کو کامیاب بنانے میں تعاون کریں۔
آپ کا تبصرہ