اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، آسٹریلیا اور کینیڈا نے اتوار کے روز فلسطین کو باضابطہ طور پر ایک آزاد ملک کے طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کیا۔ آسٹریلوی نشریاتی ادارے کے مطابق، وزیراعظم انتھونی البانیزی اور وزیر خارجہ پینی وانگ نے مشترکہ بیان میں کہا کہ آسٹریلیا فلسطینی عوام کے جائز اور دیرینہ حقِ خودارادیت کو تسلیم کرتا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ اقدام آسٹریلیا کے اُس دیرینہ مؤقف کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت مسئلہ فلسطین کا پائیدار حل صرف دو ریاستی فارمولے میں مضمر ہے۔
بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ فلسطین کو تسلیم کرنے کا مقصد خطے میں پائیدار امن و سلامتی قائم کرنے کے عزم کی تجدید ہے۔ یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آسٹریلیا کا اعلیٰ سطحی وفد، وزیراعظم کی قیادت میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچا ہے۔
ادھر کینیڈین میڈیا کے مطابق، وزیراعظم مارک کارنی کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کینیڈا نے بھی باضابطہ طور پر فلسطین کو تسلیم کر لیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ اقدام بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر اس لیے کیا گیا ہے تاکہ دو ریاستی حل کے امکانات کو برقرار رکھا جا سکے۔
کینیڈین وزیراعظم کے دفتر نے مزید کہا کہ کینیڈا کی کئی دہائیوں پر محیط پالیسی ہمیشہ اس اُمید پر قائم رہی کہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان تنازع کا حل بالآخر مذاکراتی عمل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
آپ کا تبصرہ