17 ستمبر 2025 - 18:21
امریکا نے عراق کی چار مزاحمتی تنظیموں کو دہشت گرد قرار دے دیا

امریکی وزارت خارجہ نے ایران کے اثر و رسوخ کو کم کرنے کے دعوے کے تحت عراق کی چار مزاحمتی تنظیموں کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق امریکی وزارت خارجہ نے بدھ کو اعلان کیا کہ عراق کی چار مزاحمتی جماعتوں کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا جا رہا ہے۔ یہ اقدام واشنگٹن کی اس پالیسی کا حصہ ہے جس کا مقصد مشرق وسطیٰ میں ایران کے اثر و نفوذ کو محدود کرنا اور امریکا کے مفادات کے خلاف سرگرم مسلح گروہوں کو نشانہ بنانا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جن گروہوں کو اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے ان میں ’’حرکت النجباء‘‘، ’’کتائب سیدالشہداء‘‘، ’’حرکت انصاراللہ الاوفیاء‘‘ اور ’’کتائب امام علی(ع)‘‘ شامل ہیں۔

امریکی وزارت خارجہ کے مطابق یہ گروہ ایسی کارروائیوں میں ملوث ہیں جو امریکی فوجیوں اور ان کے علاقائی اتحادیوں کی سلامتی کے لیے خطرہ بنتی ہیں اور یہ سب ایران کی سپاہ قدس کے ساتھ قریبی تعاون رکھتے ہیں۔ سپاہ قدس کو امریکا پہلے ہی دہشت گرد اداروں کی فہرست میں شامل کر چکا ہے۔

امریکا نے یاد دلایا کہ اس سے قبل بھی عراقی مزاحمتی گروہ ’’کتائب حزب اللہ‘‘ (2009) اور ’’عصائب اہل حق‘‘ (2020) کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا جا چکا ہے۔ واشنگٹن کا دعویٰ ہے کہ یہ گروہ ایران سے مالی اور عسکری مدد حاصل کرتے ہیں اور عراق میں امریکی فوج پر خونریز حملوں میں ملوث رہے ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha