15 جون 2009 - 19:30

سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے آج بھی شمالی یمن کے الحصامہ ، المتجرف ، الظاہر و مثلث ، شدا ، رازح اور الملاحیظ علاقوں پر بمباری کی۔

الحوثی تحریک کے بیان میں آيا ہے کہ سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے ملاحیظ علاقے پر بمباری کے دوران فاسفورس بم برساۓ ہیں۔ دریں اثناء یمن کے جبل الدخان ، الحصامہ  اور  ظہر الحمار علاقوں پر سعودی عرب کے توپخانے کے حملوں کا سلسلہ بھی جاری رہا اور کل سعودی عرب نے ان علاقوں پر اکسٹھ میزائل فائر کۓ ۔ دریں اثناء الحوثی تحریک کے اراکین نےکہا ہے کہ صوبۂ عمران میں واقع حرف سفیان علاقے میں حملے جاری ہیں اور یمن کی فوج نے شمال ، جنوب اور مغرب سے البرکہ کے علاقے کی جانب پیش قدمی کی کوشش کی اور رات بھر اس علاقے میں لڑائی کا سلسلہ جاری رہا ۔ الحوثی تحریک کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ان جھڑپوں میں فوج کے متعدد ٹینک تباہ ہوگۓ ہیں۔ ادھر یمن کے بعض سیاست دانوں نے ملک میں رونما ہونے والے حالیہ واقعات میں اغیار کی مداخلت کی مذمت کرتے ہوۓ یمنی حکام سے کہا ہے کہ وہ ملک کے اقتدار اعلی کے تحفظ کے اپنے فرض پر عمل کریں اور حملوں کا سلسلہ روک کر متحارب فریقوں کے ساتھ مذاکرات کا آغاز اس ملک کی مشکلات کو حل کریں۔