7 ستمبر 2025 - 19:09
پنجاب:بند ٹوٹنے کا خطرہ، جلالپور پیر والا شہر کو خالی کرنے کا حکم دے دیاگیا

بند ٹوٹنے کے خطرے کے باعث جلالپور پیروالا شہرکو خالی کرنےکا حکم دے دیا گیا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، سی پی او صادق علی ڈوگر کے مطابق  پانی کا دباؤ بہت زیادہ بڑھ چکا ہے، چناب کا پانی شہرکے قریب بنائے جانے والے بند کو کسی بھی وقت توڑ سکتا ہے۔

سی پی او کا کہنا ہے کہ شہری فوری طور پر مکانات خالی کرکےمحفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔ پولیس کی جانب سے شہر خالی کرنے کے لیے جلالپور  پیروالا کی مساجد میں اعلانات بھی کیے جارہے ہیں۔

صادق علی ڈوگر کے مطابق لوگوں کو ریسکیو کرنے کے لیے 5 تھرمل ٹیکنالوجی ڈرون منگوائے ہیں، تحصیل جلالپور کےلیے50 کشتیاں مزید منگوائی گئی ہیں۔

سی پی او کا کہنا ہے کہ توقع ہے آج رات پھنسے تمام افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا جائےگا۔

خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کو سیلاب سے متعلق نئی معلومات فراہم کرنے کے بعد پنجاب میں اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ جلال پور پیر والا میں سیلاب کے باعث صورتحال خراب ہونے کے بعد پاک فوج کو مدد کے لیے طلب کر لیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کا بتانا ہے کہ بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستان کو سیلابی صورتحال پر معلومات فراہم کی ہیں جس کے مطابق دریائے ستلج پر پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ ہو گا، دریائے ستلج میں ہریکے زیریں اسٹریم اور فیروزپور زیریں اسٹریم میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے ہریکے زیریں اور فیروزپور زیریں میں اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کرتے ہوئے مقامی انتظامیہ کو شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب ملتان کے شیر شاہ فلڈ بند کے اندر موجود درجنوں بستیوں میں کھڑے پانی کے باعث مکانات گرنا شروع ہو گئے ہیں جبکہ بارش کے باعث سیلاب متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha