15 جون 2009 - 19:30

پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ کسی کو پاکستان کی دفاعی صلاحیت کا غلط اندازہ نہیں لگانا چاہیئے، پاک فوج ہر درپیش خطرے سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

 آرمی چیف نے رسال پور اکیڈیمی میں گریجویٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب میں کہا کہ ملکی خودمختاری کا ہرقیمت پر دفاع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فورسز کو ملاکنڈ میں غیرمعمولی کامیابی ملی ، اس میں قوم کی بھرپور حمایت اور مقامی آبادی کا تعاون بھی حاصل رہا، انہوں نے کہا کہ آج جن چیلنجز کا سامنا ہے وہ پہلے کبھی درپیش نہیں رہے تھے اور پوری قوم ان چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے نبردآزما ہے ، آرمی چیف نے کہا کہ ملک کو قائد اعظم اور علامہ اقبال کے نظریات کے مطابق صحیح شناخت دینے کیلئے قوم متحد ہے ، جنرل اشفاق کیانی نے کہا کہ جنوبی وزیرستان میں آپریشن فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا امتحان ہے اور اس میں پاک فضائیہ کے تعاون سے اہم کامیابیاں مل رہی ہیں ، رسال پور اکیڈیمی کی پاسنگ آؤٹ میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل راؤ قمر سلیمان بھی موجود تھے ، اس موقع پر انجینئرنگ ، جی ڈی پی کورس سمیت ایئر ڈیفنس ، ایڈمن اینڈ اسپیشل ڈیوٹی کے گریجویٹس کی پاسنگ آؤٹ ہوئی جبکہ تقریب کے موقع پر کے ، ایٹ 8 ، جیٹ طیاروں نے فضائی کرتب دکھائے جبکہ تقریب کے اختتام پر آرمی چیف نے تربیتی کورس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے گریجویٹس میں اعزازات بھی تقسیم کئے ۔