3 ستمبر 2025 - 19:28
چین کے جدید ٹیکنالوجی سے لیس نئے میزائل؛ دنیا کے کسی بھی کونے کو نشانہ بناسکتے ہیں

چین کا نیا میزائل دنیا کے کسی بھی حصے کو درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا۔ چین نے بیجنگ میں منعقدہ شاندار فوجی پریڈ کے دوران اپنا جدید ترین بین البراعظمی میزائل DF-5C کی رونمائی کردی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اس حیرت انگیز میزائل کی خصوصیات ناقابل یقین ہیں جو ماہرین کے بقول دنیا کے کسی بھی ملک کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

چین کے اس میزائل کی رینج 12 ہزار سے 20 ہزار کلومیٹر تک ہوسکتی ہے یعنی یہ میزائل بیک وقت امریکا اور یورپ سمیت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔

چین کا یہ بین البراعظمی بیلسٹک میزائل (ICBM) دراصل Liquid-fuel سائلوز سے لانچ کیا جاتا ہے اور یہ بیک وقت متعدد جوہری وارہیڈز (MIRVs) لے جانے کی صلاحیت کا حامل ہے۔

چینی ماہرین کے بقول میزائل DF-5C کسی ملک کے میزائل شکن دفاعی فضائی نظام کو چکمہ دینے اور انتہائی درستگی کے ساتھ ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

چینی ماہرین نے یہ بھی بتایا کہ اس میزائل ساخت ایسی ہے کہ اسے 3 حصوں میں 3 مختلف گاڑیوں کے ذریعے منتقل کیا جا سکتا ہے۔

ماہرین کے بقول میزائل کی ساخت کا مطلب یہ ہے کہ اسے لانچ کرنے کے لیے تیاری میں کم سے کم وقت لگے۔

خیال رہے کہ چین نے اس میزائل کی نمائش ایک ایسے وقت میں کی ہے جب خطے میں امریکا اور اس کے اتحادیوں کے ساتھ کشیدگی عروج پر ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ چین کا صرف ایک ہتھیار نہیں بلکہ دنیا کو اپنی لازوال طاقت دکھانے کا بھرپور مظاہرہ بھی ہے۔

ادھر امریکی اور یورپی دفاعی ادارے اس میزائل کی رونمائی کو "ڈیٹرنس میسج" قرار دے رہے ہیں۔ ان کے مطابق چین اپنی جوہری صلاحیتوں میں تیزی سے اضافہ کر رہا ہے تاکہ مستقبل میں عالمی سطح پر توازن اپنے حق میں کر سکے۔

واضح رہے کہ DF-5 سیریز کا آغاز 1970 کی دہائی میں ہوا تھا لیکن DF-5C اس کا جدید ترین ورژن ہے۔ یہ پرانے ماڈلز کے مقابلے میں زیادہ رینج اور زیادہ وارہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے، جو اسے انتہائی خطرناک بناتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha