27 اگست 2025 - 15:11
ایران اور پاکستان مشترکہ سرحدوں پر دہشت گردی کی بیخ کنی کے لئے پوری طرح تیار ہیں، جنرل موسوی

جنرل موسوی نے پاک فوج کے سربراہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا: ماضی میں بھی ایسے اقدامات ہوئے ہیں جن میں مزید اضافے کی ضرورت ہے اور کسی بھی قسم کی کوتاہیوں کو دور کیا جانا چاہئے/ پاک فوج کے سربراہ نے کہا: ہمیں پاکستان اور ایران کی سرحد کو دوستی، بھائی چارے اور اقتصادی ترقی کی سرحد بنانا ہوگا، اور ہم ضرور مل کر ایسا ہی کریں گے۔

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا || ایران کے مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے پاکستانی فوج کے سربراہ کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں ممالک کے درمیان دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کارروائی اور سرحدی سلامتی کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا || ایران کے مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف، جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی مسلح افواج فخر و اعزاز کے ساتھ اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لا کر عزیز پاکستانی بھائیوں کی مدد کے لئے تیار ہیں۔

جنرل موسوی نے ایران اور پاکستان کے دو طرفہ معاملات کے بارے میں کہا: دو ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں اعلیٰ سطحی تعلقات قائم ہیں۔ انھوں نے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ اعلیٰ سطحی رابطوں کو بھائی چارے کی علامت قرار دیا۔

ایران کے فوجی سربراہ نے نے کہا کہ دونوں طرف سرحدی علاقوں میں دہشت گرد گروہوں کی حرکتیں تشویشناک حد تک بڑھ گئی ہیں اور ایران خطے میں دہشت گردی کی بیخ کنی اور مشترکہ سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لئے پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کے لئے تیار ہے۔

موسوی نے ایران کے خلاف حالیہ 12 روزہ جنگ کے دوران پاکستان کی جانب سے دی جانے والی حمایت کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ دو طرفہ تعاون کے موجودہ ماحول میں دہشت گردوں کے خلاف عملی اقدامات کئے جائیں گے۔

انھوں نے کہا: ماضی میں بھی ایسے اقدامات ہوئے ہیں جن میں مزید اضافے کی ضرورت ہے اور کسی بھی قسم کی کوتاہیوں کو دور کیا جانا چاہئے۔

اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی ایران کے مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف کی پاکستانی قوم کے ساتھ ہمدردی کے اظہار پر شکریہ ادا کیا، اور سیستان و بلوچستان میں ایرانی سیکورٹی فورس کے کے اہلکاروں کی شہادت پر تعزیت پیش کی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اختتام پر کہا: ہم سرحدوں کی سلامتی کے معاملے میں آپ سے پوری طرح متفق ہیں۔ ہمیں پاکستان اور ایران کی سرحد کو دوستی، بھائی چارے اور اقتصادی ترقی کی سرحد بنانا ہوگا، اور ہم ضرور مل کر ایسا ہی کریں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha