27 مئی 2025 - 18:19
مآخذ: ارنا
ایٹمی توانائی سے  پرامن استفادے کے ایران کے حق کی حمایت کرتے ہیں، وزیر اعظم پاکستان

پاکستان کے وزیر ا‏عظم نے کہا ہے کہ ہم  ایٹمی توانائی سے پر امن استفادے کے اسلامی جمہوریہ ایران کے حق  کا مکمل دفاع کرتے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق پاکستان کے وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے آج پیر 26 مئی کی شام صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
انھوں  اپنے اور وفد کے اراکین کے پر جوش استقبال پر صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا شکریہ ادا کیا اور کہا  کہ اسلامی جمہوریہ ایران  ہمارا دوسرا گھر ہے اور تہران کا یہ دورہ ہمارے لئے تاریخی  اہمیت رکھتا ہے۔
میاں شہباز شریف نے ایران اور پاکستان کے اعلی سطحی وفود کی نشست کو تعمیری قرار دیا اور کہا کہ ہم اپنے پڑوسی ملک ایران کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعاون کے میدان میں سمجھوتے کرنا چاہتے ہیں۔
پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ ایران اور پاکستان کےثقافتی روابط اور تاریخی رشتوں کی جڑیں بہت محکم ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ ہمیں ان روابط میں  ایسی تبدیلیاں لانے کی ضرورت ہے کہ مختلف شعبوں میں ہمارے درمیان بہت اچھا تعاون ہو۔
انھوں نے صدر پزشکیان کے ٹیلیفون اور بر صغیر کی صورتحال پر ان کے اظہار تشویش کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستانی عوام کے تئيں آپ کے برادرانہ جذبات کی قدر کرتے ہيں ۔
میاں شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کے استقبال کا اچھا موقع ملا جو ممتاز سفارتکار ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ کے دورے میں ان کے ساتھ بہت اچھی گفتگو ہوئی اور خدا کی نصرت سے پاکستان اس بحران سے سربلندی کے ساتھ باہر نکلا اور یہ مسلح افواج کی پشت پناہی اور پاکستانی عوام کی حمایت کا نتیجہ تھا۔
انھوں نے  اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ پاکستان امن چاہتا ہے، کہا کہ ہم گفتگو کے ذریعے امن قائم کرنا چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ کشمیر جیسے مسائل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی بنیاد پر گفتگو کے ذریعے حل کریں۔
پاکستان کے وزیر ا‏عظم نے کہا کہ ہم ہندوستان کے ساتھ، پانی، تجارت، اور دہشت گردی کے خلاف مہم کے بارے میں مذاکرات کے لئے تیار ہیں شرط یہ ہے کہ وہ بھی سنجیدگی کے ساتھ اس کے لئے تیار ہوں لیکن اگر وہ حملہ کرنا چاہیں گے تو ہم بھی اپنا دفاع کریں گے  اور اگر وہ صلح قبول کریں تو ظاہر ہوگا کہ وہ سنجیدہ ہیں۔  
پاکستان کے وزیر ا‏عظم نے غزہ میں 50 ہزار سے زائد بے گناہ انسانوں کو شہید کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ بین الاقوامی برادری، پائیدار جنگ بندی کے لئے اپنے اثرورسوخ سے کام لے، پاکستان امن، رفاہ اور کامیابی کے لئے اپنے بھائیوں اور بہنوں کی حمایت کرتا ہے۔
انھوں نے اپنے گفتگو کے آخر میں کہا کہ ہم پر امن ایٹمی ٹیکنالوجی رکھنے کے اسلامی جمہوریہ ایران کے حق کی حمایت کرتے ہیں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha