15 جون 2009 - 19:30

امریکا کا پاکستان میں القاعدہ کیخلاف مزید ڈرون حملوں پر غور / پاکستان کیلئے 2 ارب 37 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز کی امریکی امداد منظور!!!

امریکاکی بڑھتی ہوئی مخالفت کی بڑی وجہ ڈرون حملے ہیں،شاہ محمودقریشی  وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان میں امریکاکی بڑھتی ہوئی مخالفت کی بڑی وجہ ڈرون حملے ہیں۔امریکا یہ ٹیکنالوجی پاکستان کو فراہم کرے۔نیویارک میں امریکی ٹی وی کو خصوصی انٹرویو میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اسلحہ افغانستان سے اسمگل ہوکر آرہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ طالبان کے خلاف جنگ پاکستان اپنے مفاد میں لڑرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکی صدر بارک اوباما اب مسلم ممالک میں مداخلت کرنے کی پالیسی بدل رہے ہیں کیونکہ وہ جان گئے ہیں کہ امریکہ کی ماضی کی پالیسیاں درست نہیں تھیں۔شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان کے مقابلے میں پاکستان کی سرحدیں زیادہ محفوظ ہیں اور اب دہشت گرد قبائلی علاقوں سے فرار ہورہے ہیں۔  امریکا کا پاکستان میں القاعدہ کیخلاف مزید ڈرون حملوں پر غور  امریکا پاکستان میں القاعدہ کے خلاف کارروائی میں تیزی لانے کیلئے مزید ڈرون حملوں پر غور کر رہا ہے ۔امریکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکا کی جانب سے القاعدہ کے خلاف کارروائی کو وسعت دینے پر غور کیا جارہا ہے ۔ اس سلسلے میں پاکستان میں القاعدہ کے محفوظ ٹھکانوں پر جاسوس طیاروں سے مزید میزائل حملے کیے جائیں گے ۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ تجویز ابھی زیر غور ہے اس پر حتمی فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا ۔ امریکا:پاکستان کیلئے 2 ارب 37 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز امداد کی منظوری  امریکی کانگریس نے پاکستان کیلئے دو ارب سینتیس کروڑ ساٹھ لاکھ ڈالر امداد کی منظوری دے دی ہے۔جیو نیوز کے نمائندے سمیع ابراہیم کے مطابق یہ امداد مالی سال دوہزار آٹھ اور نو کیلئے دی گئی ہے ۔امریکی حکومت نے مالی سال دو ہزار نو دس کیلئے بھی دو ارب اٹھائیس کروڑ بیس لاکھ ڈالر کا بل کانگریس میں پیش کیا ہے ۔اس امداد میں فوجی اور غیر فوجی امداد دونوں شامل ہیں۔