1 نومبر 2020 - 10:55
آیت اللہ رمضانی: پیغمبر اسلام (ص) کی توہین اخلاق، انسانیت اور عدالت کی توہین ہے

آیت اللہ رمضانی نے کہا گزشتہ دو دہائیوں سے مغربی ممالک میں اظہار رائے کی آزادی کے بہانے سے پیغمبر اکرم(ص) کی شان میں گستاخیوں کا سلسلہ جاری ہے لیکن انہیں یہ جان لینا چاہیے کہ اسلاموفوبیا کا پروجیکٹ شکست سے دوچار ہو چکا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سیکرٹری جنرل نے فرانسیسی صدر کے ذریعے پیغمبر اکرم(ص) کی شان میں کی گئی گستاخی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پیغمبر اکرم (ص) کی توہین در حقیقت اخلاق، انسانیت اور عدالت کی توہین ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام مسلمانوں، حوزات علمیہ، اسلامی یونیورسٹیوں، مسلمان حکمرانوں نیز تمام مسلمانوں کو پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ کی شان میں کی گئی گستاخی کے خلاف ردعمل ظاہر کرنا چاہیے۔
آیت اللہ رمضانی نے اس بات پر زور دے کر کہا کہ پیغمبر اکرم (ص) مہر و محبت اور انسانی اقدار کے پیامبر ہیں، بنی اکرم کا اخلاق مجسم قرآن ہے، اور خداوند عالم نے خود سورہ قلم کی آیت نمبر ۴ میں اس بات کی گواہی دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ مغربی ممالک جو انسانی حقوق کے دفاع کا دعویٰ کرتے ہیں اور قرآن کو نظرانداز کرتے ہیں وہ جان لیں کہ قرآن کریم نے پیغمبر اسلام (ص) کو تمام انسانیت کے لیے رحمت قرار دیا ہے۔
آیت اللہ رمضانی نے کہا گزشتہ دو دہائیوں سے مغربی ممالک میں اظہار رائے کی آزادی کے بہانے سے پیغمبر اکرم(ص) کی شان میں گستاخیوں کا سلسلہ جاری ہے لیکن انہیں یہ جان لینا چاہیے کہ اسلاموفوبیا کا پروجیکٹ شکست سے دوچار ہو چکا ہے۔
انہوں نے مغرب کی دوغلی پالیسیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ انہیں مغربی ممالک میں اظہار رائے کی آزادی کی بات ہو رہی ہے جن میں روجے گاروڈی جب ہولوکاسٹ کے بارے میں تحقیق کرتے ہیں تو انہیں سزا دے دی جاتی ہے اور جب یہاں حکمرانوں کی شان میں کوئی گستاخی کرتا ہے تو اس کے خلاف مقدمہ چلایا جاتا ہے لیکن پیغمبر اکرم کی شان میں گستاخی کو اظہار رائے کی آزادی کا نام دیا جاتا ہے!
انہوں نے آخر میں کہا کہ انسانی معاشرے کو آج ہر دور سے زیادہ انصاف پر مبنی امن کی ضرورت ہے لیکن مغربی ممالک صرف امن و صلح کا نعرہ لگاتے ہیں لیکن عملی طور پر وہ دنیا میں جنگ و تشدد کو رواج دینے کے درپے رہتے ہیں۔
..........

242