اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراق کے قومی اتحاد کے سربراہ سید عمارحکیم نے جمعے کو موصل کے گورنر نوفل حمادی سے ملاقات میں کہاکہ داعش کے قبضے سے موصل کی آزادی کی کاروائیوں میں عراق کی سبھی فورسز منجملہ فوج، پولیس اورعوامی رضاکارفورس شرکت کریں گی - انہوں نے زور دے کر کہا کہ موصل کی آزادی کی جنگ ایک قومی جنگ ہے جس میں سب کو شریک ہونا چاہئے- اس ملاقات میں فریقین نے صوبہ نینوا اور موصل شہر کی سیکورٹی اورسیاسی صورتحال اور پناہ گزینوں کے مسائل کا جائزہ لیا -
اس درمیان عراق کی عوامی رضاکارفورس الحشد الشعبی کے ترجمان علی الحسینی نے کہا ہے کہ صوبہ صلاح الدین کے شہر الشرقاط کی آزادی کی کارروائیاں عید قربان کے بعد شروع ہوجائیں گی - ان کا کہنا تھا کہ الشرقاط میں داعش کے ٹھکانوں پر عراقی فضائیہ کے شدید حملوں کے بعد دہشت گرد عناصر اس علاقے سے فرار کررہے ہیں - عوامی رضاکار فورس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ انسداد بدعنوانی سے وابستہ فورس ، عوامی رضاکار فورس اور فوج کے جوانوں نے گذشتہ پانچ روز سے الشرقاط کے اطراف میں مورچے سنبھال لئے ہیں
- واضح رہے کہ الشرقاط کا علاقہ شمالی صوبے صلاح الدین میں داعش کا آخری اڈہ ہے اور عراقی فورسز نے کافی عرصے سے اس علاقے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کا منصوبہ تیار کررکھا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169