اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق بلیک لائیوز میٹر مومنٹ کے کارکنوں نے منگل کی صبح لندن سٹی ایئرپورٹ کے رنوے پر قبضہ کر لیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق اس تنظیم کے کارکن ہوائی اڈے سے ملحقہ ایک ندی پار کر کے رن وے تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔
لندن میٹرو پولیٹن پولیس نے بتایا ہے کہ رن وے پر بلیک لائیوز میٹر موومنٹ کے کارکنوں کے قبضے کی وجہ سے ہوائے اڈے کو بند کرنا پڑا۔ لندن سٹی ہوائی اڈے کے ذمہ دار عہدیداروں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ رن وے پر مذکورہ تنظیم کے قبضے کی وجہ سے زیوریخ، جینوا اور گیورنسے جانے والی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ آنے والی تمام پروازیں دوسرے ہوائی اڈوں کی طرف بھیج دی گئیں۔
بلیک لائیوز میٹر موومنٹ امریکہ میں اس سفید فام افسر کو بری کئے جانے کے بعد وجود میں آئی تھی جس نے دوہزار دو میں ایک غیر مسلح سیاہ فام نوجوان ٹریوان مارٹن کو گولی مارکر قتل کردیا تھا۔ اگست کے آغاز میں پورے برطانیہ میں بلیک لائیوزمیٹر موومنٹ نے احتجاجی مظاہرے کئے تھے۔ یہ مظاہرے برطانوی پولیس کے ہاتھوں مارے جانے والے ایک سیاہ فام باشندے مارک ڈگن کی پانچویں برسی کے موقع پر کئے گئے تھے۔
انتیس سالہ مارک ڈگن کو ایک سفید فام برطانوی پولیس اہلکار نے اگست دو ہزار گیارہ میں اس وقت گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا جب وہ اپنے شہر ٹاٹنہم میں ایک گاڑی میں جا رہا تھا۔ پولیس کو شبہ تھا کہ وہ غیر قانونی ہتھیار لے جا رہا ہے لیکن اس کی گاڑی کی تلاشی لینے پر کسی طرح کا کوئی ہتھیار نہیں ملا تھا۔
.......
/169