اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراقی فوج نے اتوار کو اپنے بیان میں صوبہ صلاح الدین کے شہروں الزویہ اور الشرقاط کے باشندوں سے کہا ہے کہ ان شہروں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر جلد ہی حملے شروع کر دئے جائیں گے اس لئے وہ وہاں سے نکل کر محفوظ مقامات پر چلے جائیں- عراقی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ الزویہ اور الشرقاط شہروں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کا وقت آن پہنچا ہے-
عراقی فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم ان شہروں کے باشندوں سے کہنا چاہتے ہیں کہ وہ جلد سے جلد وہاں سے نکل جائیں اور داعش کو اس بات کی اجازت نہ دیں کہ وہ انہیں انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرے-
الزویہ شہر صوبہ صلاح الدین کے ایک بڑے شہر بیجی کے قریب بیس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے- اس شہر پر داعش نے دو ہزار چودہ میں موصل پر قبضہ کرنے کے بعد شہریوں کی شدید مزاحمت کے باوجود قبضہ کرلیا تھا جبکہ الشرقاط شہر پر بھی جو صلاح الدین کرکوک اور نینوا صوبوں کے درمیان ایک سہ راہے پر واقع ہے، داعش نے قبضہ کر رکھا ہے-
الشرقاط شہر اسٹریٹیجک اعتبار سے خاص اہمیت کا حامل ہے- ان دونوں شہروں کے بہت سے شہری اب تک داعش کے چنگل سے فرار کر چکے ہیں لیکن داعش نے ابھی بھی بہت سے لوگوں کا محاصرہ کر رکھا ہے اور انہیں وہاں سے نکلنے کی اجازت نہیں دے رہا ہے- داعش ان لوگوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استمعال کرنا چاہتاہے۔
.......
/169