28 اگست 2016 - 19:21
ایرانی سفیر: ایران افغانستان میں قیام امن کیلئے کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے

نجی ٹی وی پر اظہار خیال کرتے ہوئے ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ ایران علاقائی تنازعات میں مداخلت نہیں کرنا چاہتا، ایران واضح موقف رکھتا ہے کہ ایران کی پاکستان کیلئے نیک خواہشات ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا ہے کہ پاکستان گلی کوچوں میں دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے، وہ کیسے افغانستان میں ڈبل گیم کھیلے گا ؟ ایران اور بھارت کے درمیان معاشی تعلقات کسی بھی ملک کے خلاف نہیں ہیں، ایران افغانستان میں امن قائم کرنے کیلئے کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کے تعلقات ایک ایسی نعمت ہے، جس کی پاسداری کرنی چاہئے، ہر مشکل وقت میں ایران اور پاکستان کا ساتھ رہا ہے، پاکستان کی مدد کرنے کا ایران کا موقف آج بھی ہے اور کل بھی ہوگا، پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات میں امن ہی امن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران علاقائی تنازعات میں مداخلت نہیں کرنا چاہتا، ایران واضح موقف رکھتا ہے کہ ایران کی پاکستان کیلئے نیک خواہشات ہیں، ایران کی تمام تر کوششیں ان کیلئے صرف ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے چین کے ساتھ پاکستان کی طرح اچھے تعلقات ہیں،37 سالہ پابندی کے دوران خطے کے تمام ممالک کے ساتھ ایران کے اچھے تعلقات رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے بارے میں دوہرے معیار اپنانے کا وقت گزر گیا ہے، جس میں ظاہری دہشت گردی کی مذمت اور باطنی حمایت کرنا ہے، جب تک سپر طاقتیں دہشت گردی کے بارے اپروچ لبرل رکھتی ہیں دہشت گردی کبھی ختم نہیں ہوسکتی ہے۔

ایران کا واضح مؤقف رہا ہے کہ اس خطے سے غیر ملکی افواج کا انخلا ہونا چاہیے، یہ سپر طاقتوں کی یہاں موجودگی سے کبھی خیر کی توقع نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے پر ایران نے 2 ارب ڈالر خرچ کئے، ایران نے اس منصوبے میں کسی اثر و رسوخ یا رکاوٹ کو حائل نہیں رکھا۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169