اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/ پولیس اسٹیشن بڈگام کی طرف سے قصبہ بڈگام کے اراکین انجمن شرعی شیعیان کو تھانے میں بلاکر انہیں جاری احتجاجی تحریک سے دور رہنے کے انتباہ پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان نے واضح کیا ہے کہ قصبہ بڈگام ضلع ہیڈکوارٹر ہے جو پورے ضلعے کی نمایندگی کرتا ہے۔ آج جب پوری وادی میں بھارتی ظلم وبربریت کے خلاف کشمیری قوم سراپا احتجاج ہے وہاں قصبہ بڈگام میں بھی آئے روز احتجاجی مظاہرے کئے جارہے ہیں۔ پولیس حکام ضلع بڈگام میں پُرامن احتجاج کو روکنے کیلئے یہاں کے معززین کو ڈرا دھمکا رہے ہیں جس سے یہاں کے عوام کے تحریکی حوصلوں کو پست نہیں کیا جاسکتا۔ انجمن شرعی شیعیان کے ترجمان نے بتایا کہ 26 اگست کو پولیس اسٹیشن بڈگام نے قصبہ بڈگام کے کئی معززین اور انجمن شرعی شییعان کے کئی سرکردہ اراکین کو تھانے میں بلاکر انہیں احتجاجی تحریک سے دور رہنے اور عوام کو دور رکھنے کا انتباہ دیا۔ ترجمان نے پولیس ا سٹیشن بڈگام کے اس بہیمانہ رویہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قصبہ بڈگام کے عوام پولیس کی طرف سے دئے گئے انتباہ اور گیدڑ بھبکیوں سے خوف زدہ ہوکر قصبہ بڈگام کے عوام اپنی تحریکی اور قومی فرائض سے کنارہ کش نہیں ہوسکتے۔ ترجمان نے میر واعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قائدین کی گرفتاری سے کشمیری قوم کے حریت پسند حوصلوں کو توڑا نہیں جاسکتا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲