اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں نے شام کے شمالی صوبے حلب کے الحمدانیہ علاقے پر مارٹرگولوں اور میزائلوں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں کم سے کم تیرہ افراد جاں بحق اور پچیس زخمی ہو گئے۔ رپورٹ کے مطابق حلب کے رہائشی علاقوں پر بھی دہشت گردانہ حملے ہوئے ہیں جن میں ایک شخص جاں بحق اور بارہ زخمی ہوئے ہیں۔
ادھر شامی فوج کے جنگی طیاروں نے حلب شہر کے جنوب میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔ اس بمباری میں ہونے والے جانی اور مالی نقصان کی اطلاع ابھی نہیں ملی ہے۔ حلب حالیہ دنوں میں شامی فوج اور دہشت گرد گروہوں کے درمیان جھڑپوں کے مرکز میں تبدیل ہو گیا ہے۔
دریں اثنا روسی وزارت دفاع نے بدھ کے روز ایک بیان میں اعلان کیا تھا کہ حلب کے جنوبی علاقوں میں گزشتہ چار روز کے دوران ہونے والی لڑائی میں ایک ہزار سے زیادہ دہشت گرد ہلاک اور تقریبا" دو ہزار زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری طرف حزب اللہ لبنان کے ڈرون طیاروں نے شام کے شہر حلب کے جنوب میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان کے ڈرون طیاروں نے پہلی بار حلب کے جنوبی مضافات میں واقع خلصہ گاؤں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس حملے میں دہشت گردوں کے ٹھکانے نابود ہوگئے۔
حزب اللہ لبنان نے اس سے پہلے لبنان کے عرسال علاقے میں دہشت گرد گروہ جبہۃ النصرہ کے ٹھکانوں پر حملے کے لئے ڈرون طیاروں کا استعمال کیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ خلصہ گاؤں پر ماہ جولائی میں تل العیس اور خان طومان علاقوں پر مسلح دہشت گردوں کے تسلط کے بعد دہشت گرد گروہ جیش الفتح کا قبضہ ہو گیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف لڑائی میں گزشتہ ایک سال کے دوران شامی فوج کو ملنے والی کامیابی میں حزب اللہ لبنان کے جیالوں کا اہم کردار رہا ہے۔
ادھر شامی فوج اور عوامی رضاکاروں نے دمشق کے اطراف میں مزید کئی علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔ العالم ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شامی فوج دہشت گردوں کے خلاف ہونے والی لڑائی میں دمشق کے اطراف میں واقع اسٹریٹیجک علاقے حوش نصری کو دہشت گردوں سے آزاد کرانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔
مذکورہ علاقہ دمشق کے مضافات میں واقع شہر دوما میں دہشت گردوں کے اہم ترین اڈے میں ان کا آخری دفاعی مورچہ تھا۔ شامی فوج نے اس علاقے میں واقع سرنگوں کو بھی تباہ کردیا ہے۔ دہشت گرد اسلحہ لانے لے جانے کے لئے ان سرنگوں کا استعمال کیا کرتے تھے۔
شامی فوج نے بدھ کے روز بھی حماہ شہر کے مشرقی مضافات میں دو دیہاتوں کباسین اور زنکیہ کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا تھا۔ ایک اور خبر کے مطابق شامی فوج نے شام کے مغرب میں حمص کے شمالی مضافات میں واقع گاؤں فرحانیہ میں داخل ہونے کی ایک مسلح گروہ کی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔ اس کارروائی میں متعدد مسلح عناصر ہلاک اور زخمی ہو گئے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169