اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں ہونے والے سہ فریقی اجلاس میں صدر حسن روحانی، صدر ولادی میر پوتن اور صدر الہام علی اوف نے باہمی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر تاکید کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر حسن روحانی نے کہا کہ علاقائی تعاون کو فروغ دینا اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی کا بنیادی اصول ہے۔انہوں نے ایران، روس اور آذربائیجان کے درمیان تعاون اور لین دین کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تینوں ممالک کو مشترکہ مفادات کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔
صدر نے کہا کہ دہشت گردی، انتہا پسندی اور علاقے کے ملکوں کے اندرونی معاملات میں بیرونی قوتوں کی مداخلت کے پیش نظر ایران، روس اور آذربائیجان کے درمیان تعاون کی اہمیت مزید اجاگر ہوگئی ہے۔
اس موقع پر روس کے صدر ولادی میر پوتن نے کہا کہ سہ فریقی اجلاس نے تینوں ملکوں کے تعلقات میں نیا باب کھول دیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردی کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں مشترکہ لائحہ تیار کرنا ہوگا۔
آذربائیجان کے صدر الہام علی اوف نے بحثیت میزبان اپنے خطاب میں کہا کہ کیسپیئین سی کے ساحلی ملکوں کو اس خطے کی حفاظت اور اس میں پائے جانے ذخائر سے فائدہ اٹھانے کے لیے باہمی تعاون کے فروغ پر توجہ مرکوز کرنا چاہیے۔ اجلاس کے اختتام پرمشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیاگیا ہے۔
.......
/169