اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے ضلع اٹک کے نواحی علاقہ دھبولہ میں پُرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم عزاداری سید الشہداء کے سلسلہ میں کوئی قدغن برادشت نہیں کریں گے. حکومت کی جانب سے چاردیواری میں مجالس کے انعقاد پر ایف آئی آر کااندراج کا عمل آئین و قانون کی خلاف ورزی ہے اور یہ عمل کرکے حکومت خود فرقہ واریت پھیلارہی ہے ۔جس پر حکومت کو متوجہ کرتا ہوں کہ فی الفور ایف آئی آرز ختم کی جائیں ورنہ اس عمل کے خلاف ملک بھر میں سخت احتجاج ہو گا۔
علامہ ساجد نقوی کا مزید کہنا تھاکہ حکومت زائرین کے مسئلہ کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی ،زائرین کا مسئلہ بڑا اہم ہے ، زائرین ا یران ،عراق زیارت مقدسہ کیلئے آمد ورفت کے سلسلہ میں کوئٹہ تفتان روڈ ترک نہیں کریں گے اور زائرین کی آمد رفت میں سیکورٹی کے نام پر کسی قسم کی رکاوٹیں برداشت نہیں کی جائیں گی ۔حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔اگر حکومت اپنے شہریوں کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتی تو انہیں حکومت کرنے کا بھی کوئی اخلاقی جواز باقی نہیں رہتا۔
ایک سوال کے جواب میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ملک سے کرپشن کے خاتمہ کے بغیر ترقی ممکن نہیں ۔کرپشن کے خاتمہ کیلئے تمام سیاسی پارٹیوں کو متفقہ لائحہ عمل تیار کرنا ہو گا ۔پانامہ لیکس پر تمام سیاسی جماعتوں کو متفقہ لائحہ عمل تیار کر نا ہو گا اور ملک سے کرپشن کے مکمل خاتمہ کیلئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کر نے کی ضرورت ہے ۔
.......
/169