اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق تہران میں پاکستان کے نئے سفیر آصف درانی سے اسناد تقرری کی وصولی کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے دونوں ملکوں کے تعلقات کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے علاقائی سلامتی کی اہمیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ایران ، پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تینوں ملکوں کے درمیان تعاون کو تقویت دینا ضروری ہے۔
پاکستان کے نئے سفیر آصف درانی نے اسناد تقرری پیش کرتے ہوئے تہران اور اسلام آباد کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کے فروغ کی امید ظاہر کی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت ایران کے ساتھ تعلقات کے فروغ پر زور دیتی ہے اور انہیں پوری امید ہے کہ مستقبل میں دونوں ملکوں کے درمیان تمام شعبوں خاص طور سے اقتصادی میدان میں تعلقات فروغ پائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169