اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کی بری فوج کے خاتم الانبیا ہیڈکوارٹر کے کمانڈر، بریگیڈیئر جنرل فرزاد اسماعیلی نے کہا ہے کہ ایس تھری ہنڈریڈ میزائیل سسٹم رواں کے اختتام سے پہلے کام کرنا شروع کر دے گا جبکہ فضائی دفاع کے دوسرے نظام بھی اپنا کام کرتے رہیں گے۔
بریگیڈیئر جنرل فرزاد اسماعیلی نے کہا کہ دشمن، پوری فوجی طاقت کے باوجود ایک جانب خلیج فارس میں اور دوسری جانب عراق اور شام میں الجھ گیا ہے اور اس میں ایران کی سرحدوں کے قریب پھٹکنے کی جرائت نہیں ہے۔
بری فوج کے خاتم الانبیا ہیڈ کوارٹر کے کمانڈر نے واضح کیا کہ ایران کی فضائی حدود اور خطے سے گزرنے والی تمام پروازوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے اور شیڈول سے ہٹ کر کوئی بھی پرواز ہماری سرحدوں کے قریب نہیں آسکتی۔
انہوں نے کہا کہ روزانہ ایران کی فضائی حدود سے نو سو ہوائی جہاز عبور کرتے ہیں جو ہماری فضائی حدود کی سیکورٹی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی فضائی حدود دنیا کی محفوظ ترین فضائی حدود ہیں۔
.......
/169