اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ نواسۂ رسول (ص) حضرت امام حسین(ع) کے یوم ولادت با سعادت کے موقع پر جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے قدیمی امام بارگاہ حسن آباد سرینگر میں پُر وقار جشن میلاد امام حسین(ع) کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں تنظیم کے شعبہ تعلیم جامعہ باب العلم سے منسلک دینی مکاتب کے سینکڑوں طلبہ و طالبات کے علاوہ لوگوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سعید کی صدارت جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور حریت کانفرنس کے سینئر رہنما حجة الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض سید عابد رضوی نے انجام دئے۔ تقریب سعید سے جن علماء دین نے حضرت امام حسین کی عزیمانہ سیرت اور سرفروشانہ کرادار و عمل کے حوالے اظہار خیال کیا اُن میں حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو، حجة الاسلام سید عابد حسین حسینی، مولانا سید افضل حسین مدنی، حجة الاسلام آغا سید محمد عقیل الموسوی، آغا سید محمد حسین الموسوی شامل ہیں جب کہ جامعہ باب العلم کے باقی اساتید حجج الاسلام آقا سید یوسف الموسوی، سید ارشد موسوی، سید محمد حسین صفوی، شیخ حاتم علی میر، شیخ غلام احمد بٹ اور نثار حسین والو نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے حضرت امام حسین(ع) کی عظمت اور رسول اسلام ۖ کی نگاہ میں بے پناہ قدر و منزلت کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ امام عالی مقام کی ذات قدسیہ دنیائے بشریت کیلئے حق و انسانیت کے تحفظ اور ظلم و استحصال کے خلاف مزاحمت کی پیامی ہے۔ دنیا میں حق و انسانیت کے پرچم کی سربلندی کیلئے امام حسین کے کردار و عمل سے بڑھ کر کوئی دوسرا راہ عمل نہیں ۔ آغاصاحب نے امام عالی مقام کی سیرت طیبہ کے کئی گوشوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ امام عالی مقام نے ظلم و طاقت کی خنجر کو اپنے اصولوں اور مظلومی و بے کسی سے توڑ کر دنیا میں فتح وشکست کا ایک نیا معیار مقرر کیا جو قیامت تک اسلا م اور انسانیت کے تحفظ کا ضامن بن گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲