اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین اسلام آباد اور آئی ایس او راولپنڈی ڈویژن نے سول سوسائٹی کے رہنما خرم زکی کی شہادت پر اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ مختصر اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں تنظیمیں آج شام چھ بجے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے احتجاج کریں گی ، اعلامیہ کے مطابق، احتجاجی مظاہرے میں گذشتہ چند روز میں ڈیرہ اسماعیل خان اور کراچی میں ہونے والے المناک سانحات پر اپنی آواز بلند کی جائیگی۔ یاد رہے کہ چند روز قبل ڈیرہ اسماعیل خان میں دو وکلا اور دو استاتذہ سمیت چار افراد کو چند گھنٹوں میں قتل کردیا گیا تھا جبکہ گذشتہ روز سول سوسائٹی کے نمائندے خرم زکی کو کراچی میں شہید کر دیا گیا۔ خرم زکی نے ہمیشہ ظلم کیخلاف آواز بلند کی، وہ لال مسجد کے مولوی عبدالعزیز کیخلاف بھی سراپا احتجاج بنے رہے، وہ مولوی عبدالعزیز کیخلاف اسلام آباد کی مقامی عدالت میں مقدمے کے اندراج کیلئے درخواست بھی جمع کرا چکے تھے تاہم عدالت کی جانب سے ان کی درخواست خارج کردی گئی تھی جس پر انہوں نے حال ہی میں اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169