اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ہندوستان کی وزیرخارجہ سشماسوراج نے اپنے ہمراہ وفد کے ساتھ تہران میں وزیرخارجہ جواد ظریف سے ملاقات کی جس میں مختلف میدانوں میں باہمی تعلقات خاص طور پر اقتصادی اور تجارتی روابط کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا -اس ملاقات میں تجارتی تعاون میں توسیع ، دوہرے ٹیکس سے اجتناب سے متعلق سمجھوتے کو اپڈیٹ کرنے ، تاجروں ، صنعتکاروں اور ثقافتی شعبوں میں سرگرم لوگوں کے لئے ویزے کو آسان بنانے کے طریقوں اور دونوں ملکوں کے درمیان قیدیوں کے تبادلے اور رہائی کے سمجھوتے پر خاص طور پر بات چیت ہوئی -
ایرانی اور ہندوستانی وزرائے خارجہ نے اپنی ملاقات میں اہم علاقائی مسائل بالخصوص عراق، شام اور افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا - اس ملاقات میں ایران اور ہندوستان کے درمیان دفاعی اور سیکورٹی شعبوں میں بھی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا گیا -
ہندوستان کی وزیرخارجہ سشما سوراج، ایران کے دو روزہ سرکاری دورے پر ہفتے کی شام تہران پہنچیں ۔ انہوں نے تہران میں ہندوستانی سفارتخانے کے اسکول کیندریہ ودھالیہ ( کے وی) میں منعقدہ ایک ثقافتی پروگرام میں بھی شرکت کی - ماہرین کا کہنا ہے کہ ہندوستانی وزیرخارجہ کے دورہ تہران کا مقصد تجارتی میدانوں خاص طور پر ایران کے تیل اور گیس کے شعبوں میں ہندوستانی سرمایہ کاری کے مواقع کا قریب سے جائزہ لینا ہے -
واضح رہے کہ ہندوستان، ایران کے تیل و گیس کے شعبوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے اور ایران سے تیل کی خریداری میں بھی اضافہ کرنا چاہتا ہے-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲