14 اپریل 2016 - 05:15
شاہ سلمان کے لیے ترکی کا اعلیٰ سول اعزاز

ترکی نے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو دونوں ملکوں کے درمیان قریبی تعلقات استوار کرنے پر اعلیٰ ترین سول اعزاز سے نوازا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق رجب طیب ایردوآن نے صدارتی محل انقرہ میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران سلمان کو ملک کا اعلیٰ ترین تمغہ دیا۔اس موقع پر انھوں نے کہا کہ سعودی بادشاہ نے تخت سنبھالنے کے بعد دوستانہ تعلقات استوار کرنے کے لیے گراں قدرکاوشیں کی ہیں۔

حالیہ برسوں کے دوران ترکی اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات مضبوط ہوئے ہیں اور دونوں ملک شام ،یمن اور عراق میں جاری تنازعات کے حوالے سے یکساں مؤقف کے حامل ہیں۔شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے میزبان صدر سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات، شامی تنازعے اور دوسرے اہم علاقائی اور عالمی امور پرتبادلہ خیال کیا ہے۔

ترکی نے اس سال سعودی عرب میں منعقدہ فوجی مشقوں میں حصہ لیا تھا۔ شاہ سلمان ترکی کے دورے کے موقع پر ستاون مسلم ممالک کی نمائندہ اسلامی کانفرنس تنظیم او آئی سی کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

.......

/169