31 مارچ 2016 - 19:53
یونان پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد میں مسلسل اضافہ

یونان کے حکام نے اعلان کیا ہے کہ یورپ کی جانب تارکین وطن کے سیلاب کو روکنے کے لئے ترکی اور یورپی یونین کے معاہدے کے باوجود پناہ کے لئے یونان پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق یونان کے حکام نے اعلان کیا ہے کہ یونان پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ یونانی حکام نے بتایا ہے کہ منگل اور بدھ کو سات سو چھیاسٹھ تارکین وطن پناہ لینے کے لئے یونان پہنچے ہیں۔ یونانی حکام کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے کے چوبیس گھنٹے میں یونان میں ایک سو بانوے تارکین وطن کے پہنچنے کا اندراج کیا گیا ہے۔

یونان کے حکام نے ایسے عالم میں تارکین وطن کی آمد میں اضافے کا اعلان کیا ہے کہ جب بلقان کے ملکوں کی سرحدیں بند ہونے کے بعد اکاون ہزار تارکین وطن یونان اور اس کے شمالی پڑوسی ملکوں کی سرحدوں کے درمیان پھنسے ہوئے ہیں۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ یورپی یونین نے تارکین وطن کو یورپ پہنچنے سے روکنے کے لئے ترکی اور یورپی یونین کے معاہدے پر عمل درآمد کے لئے تقریبا چار ہزار افراد کو یونان روانہ کیا ہے جن میں مترجم، پناہ گزینوں کے امور کے ماہرین اور کوسٹ گارڈ فورس کے افراد شامل ہیں۔ ان افراد کو تارکین وطن کو ترکی واپس بھیجنے کے کام پر مامور کیا گیا ہے۔

دوسری طرف اٹلی کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اس کی کوسٹ گارڈ فورس کے افراد نے حالیہ دنوں میں جنوبی ساحلی علاقوں میں ایک ہزار پانچ سو سے زائد پناہ گزینوں کی جان بچائی ہے۔ اٹلی کے ساحلوں کے محافظین نے اعلان کیا ہے کہ انھوں نے اٹلی اور لیبیا کے ساحلی علاقوں میں ایک ہزار پانچ سو انہتر تارکین وطن کو ڈوبنے سے بچایا ہے۔ اٹلی نے اعلان کیا ہے کہ اس کی کوسٹ گارڈ فورس کے افراد نے دو ہزار پندرہ میں تیئیس ہزار پناہ گزینوں کو ڈوبنے سے بچایا تھا۔

اٹلی کے حکام نے اسی کے ساتھ یہ تشویش بھی ظاہر کی ہے کہ بلقان کی سرحدوں کے پناہ گزینوں کے لئے بند ہونے کے پیش نظر موسم کے حالات میں بہتری آنے کے بعد سمندری راستے سے اٹلی پہنچنے کی کوشش کرنے والے تارکین وطن کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشن برای پناہ گزینان کے اعداد و شمار کے مطابق دو ہزار سولہ کے آغاز سے اب تک تقریبا سترہ ہزار پانچ سو تارکین وطن پناہ کے لئے اٹلی پہنچے ہیں۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برای پناہ گزینان نے اسی کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ دو ہزار سولہ کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر ایک لاکھ پچپن ہزار سے زائد تارکین وطن بحیرہ احمر کے راستے یورپ میں داخل ہوئے ہیں جن میں سے ایک لاکھ چوالیس ہزار تارکین وطن نے یونان کے راستے یورپ پہنچنے کی کوشش کی ہے۔

.......

/169