29 مارچ 2016 - 13:49
ایران متلاطم سمندر کے درمیان ایک پرامن جزیرے کی مانند ہے: جنرل جعفری

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران متلاطم سمندر کے درمیان ایک پرامن جزیرے کی مانند ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل محمد علی جعفری نے ایران کے شمالی شہر لنگردو میں شہدا کی یاد میں منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشرق و مغرب ہر جانب سے ایران میں سیکورٹی کا مسئلہ پیدا کرنے کی کوشش کی جاتی رہی ہے لیکن ان تمام سازشوں کے باوجود ایران پوری طرح پرامن اور مستحکم ہے- انہوں نے کہا کہ دشمنوں نے ایران کو غیرمستحکم کرنے کے لئے جو سب سے سنگین سازش کی تھی وہ آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ کی صورت میں تھی لیکن ایران کے غیور جوانوں اور نوجوانوں نے غیر معمولی بہادری اور فداکاری کا مظاہرہ کرکے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنا دیا -انہوں نے کہا کہ آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ کے بعد سے اب تک پھر کسی بھی دشمن میں اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب میلی نظروں سے دیکھنے کی ہمت تک نہ ہوئی-

سپاہ پاسدران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے کہا کہ آج ایران کےہمسایہ ملکوں میں بدامنی پائی جا رہی ہے لیکن جب بدامنی کی یہ آگ ایران کی سرحدوں کی جانب لانے کی کوشش کی جاتی ہے تو خود بخود خاموش ہو جاتی ہے اور یہ سب شہیدوں کے خون کا مرہون منت ہے- انہوں نے کہا کہ جتنی عداوت اور دشمنی اسلامی جمہوریہ ایران سے کی جاتی رہی ہے اگر کسی دوسرے ملک سے کی جاتی تو وہ کب کا ختم ہو چکا ہوتا- انہوں نے کہا کہ آج دشمن خود اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ وہ جو بھی منصوبہ ایران کے خلاف تیار کرتے ہیں وہ خود اس میں پھنس جاتے ہیں- سپاہ پاسداران کےکمانڈر نے کہا کہ ایران کی یہ ہیبت و جلالت صرف اور صرف الہی نصرت و مدد کی برکت سے ہے۔

۔۔۔۔۔

/169