اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق مصر کے مسافر بردار طیارے ایئر320 جو اسکندریہ کے قاہرہ کی طرف روانہ تھا کو ایک اغوا کار نے ہائی جیک کر کے قبرص کے جنوبی ساحلی شہر لارناکا کے ایئرپورٹ پر اتار دیا۔
قبرص کی پولیس نے کہا کہ اغوا کار نے کنٹرول ٹاور سے مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 8 بجے رابطہ کیا، جس کے بعد طیارے کو قبرص کے ایئرپورٹ پر اتارنے کی اجازت دے دی گئی۔
مصر کے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ اسکندریہ سے قاہرہ جارہا تھا، جس میں 55 مسافر اور عملے کے 5 ارکان سوار تھے۔
حکام کے بیان کے مطابق جہاز کے پائلٹ کا کہنا تھا کہ اسے ایک مسافر نے خودکش جیکٹ سے خوفزدہ کرکے طیارہ لارناکا ایئرپورٹ پر اتارنے پر مجبور کیا۔
ایئرپورٹ سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ جہاز میں سوار مسافروں میں 8 برطانوی اور 10 امریکی شہری بھی شامل ہیں۔
ایئرپورٹ حکام نے کہا کہ ایئرپورٹ کو فلائٹس کی آمد و رفت کے لیے بند کردیا گیا ہے، جبکہ سیکیورٹی ٹیم ایئرپورٹ پر تعینات کردی گئی ہے۔
قبرص کے ایک حکومتی عہدیدار کا بھی کہنا تھا کہ طیارے میں بم کی اطلاعات ہیں، جبکہ دوسرے عہدیدار نے کہا کہ بظاہر معلوم ہوتا ہے کہ طیارے کو ایک سے زائد اغوا کاروں نے ہائی جیک کیا۔
تاہم مصر کے سول ایوی ایشن اور پولیس ذرائع نے دعویٰ کیا کہ طیارے کو ایک اغوا کار نے ہائی جیک کیا۔
قبرص کے حکومتی عہدیدار کے مطابق اغوا کاروں نے پہلے خواتین اور بچوں کو طیارہ سے اترنے کی اجازت دی اور پھر غیر ملکی اور عملے کے علاوہ تمام مسافروں کو طیارے سے اترنے کی اجازت دے دی۔
رپورٹ کے مطابق قبرص کے سرکاری ریڈیو کے مطابق ہائی جیکر کی شناخت ابراہیم سماہا کے نام سے ہوئی ہے، اُس نے باقی مسافروں کی رہائی کے بدلے مترجم کی فراہمی اور سیاسی پناہ دینے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ اُس کی سابقہ اہلیہ بھی قبرص میں مقیم ہے۔
مصر کی سرکاری نیوز ایجنسی ’مینا‘ کا کہنا ہے کہ اغوا کار مصری شہری ہے اور وہ جہاز کی سیٹ نمبر کے 38 پر سوار تھا۔
ایئرپورٹ پر موجود عینی شاہدین نے کہا کہ ہائی جیکر نے عربی میں لکھا ایک خط جہاز سے باہر پھینکا اور مطالبہ کیا کہ یہ خط اُس کی سابقہ قبرصی اہلیہ کو دے دیا جائے۔




۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲