اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراق کی انسداد دہشت گر دی فورس نے البوطیبان اور السفیریہ علاقے کو دہشت گردوں کےقبضے سے آزاد کرا لیا ہے- خبروں کے مطابق عراقی سیکورٹی فورس نے ان علاقوں کے بہت سے گھرانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے- عراق کی انسداد دہشت گردی کی فورس نے اپنے اس آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی متعدد بکتر گاڑیوں کو بھی تباہ کر دیا ہے- صوبہ الانبارکے ان دوعلاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے ایک ایسے وقت آزاد کرایا گیا ہے جب عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے پچھلے دنوں صوبہ الانبار میں دہشت گردوں کے خلاف زبردست کامیابیاں حاصل کی تھیں-
واضح رہے کہ عراق کے صوبہ الانبار کی سرحدیں سعودی عرب اور اردن سے ملتی ہیں اس لئے بغداد کے لئے یہ صوبہ اسٹریٹیجک لحاظ سے خاص اہمیت کا حامل ہے- اس درمیان اطلاعات ہیں کہ الرمادی کے مغرب میں الدوار اور القطنیہ علاقوں کو دہشت گردوں سے آزاد کرانے کے لئے فوج اور دہشت گردوں کے درمیان جنگ جاری ہے جس میں اب تک بیس دہشت گرد مارے جا چکے ہیں-
دوسری جانب عراق کے انسانی حقوق کمیشن کے سربراہ نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کرکوک صوبے کے تازہ علاقے میں داعش کے ذریعے زہریلی گیس کے حملے میں زخمیوں کی حالت کا جائزہ لینے کے لئے ڈاکٹروں کی ایک بین الاقوامی ٹیم روانہ کرے-
واضح رہے کہ گذشتہ منگل کو داعش نے کرکوک کے علاقے تازہ میں راکٹوں اور توپخانوں سے حملہ کرنے کے ساتھ ساتھ عام شہریوں کے خلاف مسٹرڈ گیس کا بھی استعمال کیا تھا جس کی وجہ سے سیکڑوں افراد بری طرح متاثر ہوئے تھے- خبروں کے مطابق اب تک تین بچے مسٹرڈ گیس کے حملے کی وجہ سےاپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں جبکہ علاقے کے لوگوں میں جلد کے امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں۔
.....
/169