30 جنوری 2016 - 17:51
بغداد میں بم دھماکہ، پانچ افراد جانبحق

عراق کے دارالحکومت بغداد کے مرکز اور جنوب میں دہشت گرد انہ دھماکوں میں متعدد عام شہری جاں بحق اور زخمی ہو گئے ہیں-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عراق کے سیکورٹی ذرائع نے خبر دی ہے کہ بغداد کے مرکزی علاقے الکفاح اور جنوبی علاقے المحمودیہ میں دو الگ الگ بم دھماکوں میں پانچ عام شہری جاں بحق اور بارہ دیگر زخمی ہو گئے۔ یاد رہے کہ داعش کے زیرقبضہ علاقوں میں فوج اور عوامی رضاکار فورس کی کامیابیوں کے بعد بغداد میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں اضافہ ہو گیا ہے اور دہشت گردوں نے اپنی شکست پر پردہ ڈالنے کے لئے اب شہری علاقوں میں عام شہریوں پر اپنے حملے تیز کر دئے ہیں۔

ادھر عراق کے شمالی شہر سامرا کے مغرب میں دہشت گردوں کےٹھکانوں پر فوج اور عوامی رضاکار فورس کے حملے جاری ہیں جن کے دوران فوج اور عوامی فورس نے دہشت گردوں کے قبضے سے کئی کلومیٹر کے علاقے آزاد کرانے کے ساتھ ساتھ پچاس سے زیادہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی کوشش ہے کہ وہ سامرا شہر کے مغربی مضافاتی علاقوں کو الثرثا جھیل تک دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیں تاکہ دہشت گردوں کے سامرا میں داخل ہونے کے امکان کو کم کر دیا جائے اور یوں صوبہ صلاح الدین کے جنوب اور صوبہ الانبار کے شمال میں موجود دہشت گردوں کا محاصرہ بھی کرلیا جائے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲