اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق الجزیرہ ٹی وی چینل کے سابق خبرنگار محمد فہمی نے نیویارک ٹائمز کے ایک مضمون میں لکھا: تمیم بن حمد آل ثانی کے چچازاد بھائی فہد بن عبداللہ آل ثانی کو سات سال قید کی سزا دیئے جانے کا مطلب یہ ہے کہ قطری حکّام اب اپنے مخالفین کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لارہے ہیں۔
محمد فہمی نے مزید کہا: فہد بن عبداللہ آل ثانی کے تعلق سے طرح طرح کی باتیں اب تک سامنے آئی ہیں۔ قطری حکام کا کہنا ہے کہ فہد نے اپنے بیٹے کی رہائی کیلیے ایک پولیس اسٹیشن پر حملہ کرایا تھا۔ حالانکہ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پولیس نے فہد کے محل پر حملہ کرکے فہد اور ان کے بیٹے کو زخمی کردیا تھا۔
فہمی کے مطابق، قطر کی حکومت نے جب فہد بن عبداللہ آل ثانی کی موروثی زمین ہڑپ کی تب انہوں نے حکومت کے خلاف آواز اٹھائی۔ قطر میں سرگرم انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ فہد کو صرف امیر قطر تمیم بن حمد کے خلاف سیاسی سرگرمیوں کی وجہ سے جیل روانہ کیا گیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169