اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق امریکا اور یورپی یونین نے ایران پر عائد عالمی پابندیاں اٹھالی ہیں۔ یورپی یونین اور امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے پابندیاں ختم کرنے کی تصدیق کردی ہے۔
اس سے قبل عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ ایران نے عالمی معاہدے کی پاسداری کرتے ہوئے جوہری سرگرمیاں ختم کردی ہیں۔ ادھر یورپی یونین کے حکام نے بھی ایران پر سے پابندیاں ختم کرنے کی تصدیق کی ہے۔

وزیرخارجہ نے یورپی یونین کے نمائندوں کے ساتھ پریس کانفرنس میں فیصلے کا خیرمقدم کیا،اس سے قبل ایران نے واشنگٹن پوسٹ کے صحافی سمیت 4 امریکیوں کو رہا کردیا جبکہ امریکا نے اپنی جیلوں میں قید 7 ایرانیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ امریکی صدر باراک اوباما نے ایران کومسافرطیاروں کی فراہمی پرعائد پابندی ختم کر دی۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق معاہدے پرعملدرآمد سے متعلق تمام تفصیلات پرکام مکمل ہوچکا ہے۔
وزیرخارجہ جوادظریف نے ویانا آمد کے بعد میڈیا سے گفتگومیں کہا کہ ہم دنیا پرثابت کردیںگے کہ مسائل پابندیوں،دباؤ اوردھمکیوں سے نہیں بلکہ باہمی احترام اور بات چیت سے حل ہوتے ہیں۔جوہری معاہدے پر ہماری جانب سے عمل درآمد بالکل واضح ہے۔تمام پابندیاں اٹھا نے کے بعد ایران ایک خوشگوارماحول میں دنیا بھر سے اقتصادی تعاون اوراربوں ڈالر مالیت کے منجمد اثاثے حاصل کر نے کے ساتھ ساتھ عالمی منڈی میں تیل بھی فروخت کر سکے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169