اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ تہران میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے سید عباس عراقچی نے کہا کہ جمعے، ہفتے اور اتوار تک جامع ایٹمی معاہدے کے تحت حتمی اقدامات کئے جائیں گے اور جامع مشترکہ ایکشن پلان پر عملدآمد کا اعلان کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور یورپی یونین میں پابندیوں کا طریقہ کار یا ہدایت نامہ ہفتوں پہلے ہی ایران کے مشورے سے طے کیا جا چکا ہے۔
سینیئر ایٹمی مذاکرات کار نے کہا کہ توقع ہے کہ جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی، جمعے تک ایران کی صداقت کا پتہ لگانے کا عمل مکمل کرکے اپنی رپورٹ پیش کردے گی۔
جامع مشترکہ ایکشن پلان پر نگرانی کرنے والی ایرانی کمیٹی کے سربراہ سید عباس عراقچی نے کہا کہ معاہدے پر عملدآمد کے آغاز کا اعلان، ایران کے وزیر خارجہ اور یورپی یونین کے امور خارجہ کی انچارج کے مشترکہ بیان کے ذریعے کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جامع مشترکہ ایکشن پلان پر عملدآمد کے اعلان کے ساتھ ہی ایران کے خلاف پابندیوں کے خاتمے کا عمل بھی شروع ہوجائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲