6 جنوری 2016 - 17:51
کشمیر؛ حریت کے رہنما کا شیخ نمر کی شہادت پر اظہار افسوس

کشمیر کی تحریک حریت کے رہنما سید علی شاہ گیلانی نے شیخ باقر النمر کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا

اہلبیت نیوز ایجنسی۔ ابنا۔ ہندوستان کے زیر انتظام ریاست جموں و کشمیر کی تحریک حریت کے رہنما سید علی شاہ گیلانی نے شیخ باقر النمر کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور اس اقدام کی پر زور الفاظ میں مذمت کی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چئیرمین سید علی شاہ گیلانی نے ابنا کے ساتھ ایک خصوصی بات چیت میں سعودی عرب میں ممتاز عالم دین شیخ نمر باقر النمر کو شہید کرنے پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دنیائے تشیع کے اس غم میں برابر کے شریک ہیں۔ سینئر حریت رہنما نے اس واقعہ کو عالم اسلام کا ایک دلخراش واقعہ قرار دیتے ہوئے اس واقعہ کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے اس دوران ملت اسلامیہ بالخصوص جموں کشمیر کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اس واقعہ پر اسلام دشمن عناصر کی سازشوں سے باخبر رہیں اور اپنے اندر اتحاد قائم کرنے کی کوشش کریں۔ان کا کہنا تھا کہ جس نے بھی اللہ، قرآن ،آخرت اوراللہ کے رسول پر ایمان لایا وہ مسلمان ہے اور کسی کو بھی یہ حق نہیں کہ وہ دوسرے مسلک سے وابستہ افراد کو اپنے سے دور کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس دور میں مسلمان ملت پر فرض بنتا ہے کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ متحد ہوکر اسلام دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنائیں۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ انہوں نے ایک بار پھر داعش جیسی دہشت گرد تنظیم کی شدید مخالفت کرتے ہوئے انہیں قاتل انسانیت قرار دیا ۔گیلانی کا کہنا تھا کہ وہ بے دردی سے بے گناہ انسانوں کا قتل کرتے ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ان کا اسلام سے دور کا بھی واستہ نہیں ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلمانوں کو قرآن و سنت پر عمل کرکے اسلامی تعلیمات کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔

ساجد رسول // سرینگر

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲