14 دسمبر 2015 - 14:04
موصل سے ترک فوجیوں کا انخلا شروع

عراق کے سیکورٹی ذرائع نے عراقی علاقے موصل سے ترک فوجیوں کے انخلا کی خبر دی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراقی حکومت اور عوام کے احتجاج کے بعد ترک فوجی عراق کے شمالی صوبے نینوا کے صدر مقام موصل کے نزدیکی علاقے بعشیقہ سے اپنے ساز و سامان کے ساتھ ترکی واپس چلے گئے ہیں۔ عراق کے ایک رکن پارلیمنٹ سالم الشبکی نے بھی کہا ہے کہ ترک فوجی پیر کے روز مقامی وقت کے مطابق صبح پانچ بجے عراقی علاقے بعشیقہ سے ترکی کے لئے روانہ ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ بغداد حکومت اور عراقی کردستان علاقے کی مقامی انتظامیہ کے درمیان ہونے والے معاہدے کی بنیاد پر ترک فوجیوں نے انخلا کیا ہے اور صرف کچھ فوجی مشیر وہاں باقی رہیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ ترکی نے حال ہی میں عراقی حکومت کی اجازت اور ہم آہنگی کے بغیر اپنے فوجی موصل کے نزدیکی علاقے بعشیقہ میں بھیج دیئے تھے اور ترکی کا یہ اقدام بغداد اور انقرہ کے تعلقات میں کشیدگی کا سبب بنا۔ بغداد حکومت نے عراقی علاقے میں ترک فوجیوں کی موجودگی کو عراقی اقتدار اعلی کی خلاف ورزی قرار دیا تھا اور عراقی علاقے سے ترک فوجیوں کے انخلا پر زور دیتے ہوئے خبر دار کیا تھا کہ اگر ترک فوجی عراق سے واپس نہیں گئے تو پھر ان فوجیوں کے ساتھ وہی رویہ اختیار کیا جائے گا جو غاصب فوجیوں کے ساتھ کیا جاتا ہے۔

.......

/169