12 دسمبر 2015 - 20:30
علامہ حسین مسعودی: دہشت گردی کے خلاف عوام اور حکومت یکجا ہوکر کام کریں

ایک بیان میں جعفریہ الائنس کے سینئر نائب صدر نے ملک بھر میں بسنے والے تمام طبقات اور مکاتب فکر کے افراد سے کہا کہ وہ افراتفری کی سیاست کرنیوالوں کا محاسبہ کریں اور محبت وطن اور دیندار افراد کو آگے لایا جائے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق جعفریہ الائنس کے سینئر نائب صدر علامہ حسین مسعودی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کسی بھی شکل میں ہو، ہم اس کی مذمت بھی کرتے ہیں اور حکومت اور ریاستی اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کیلئے عوام کیساتھ مل کر ٹھوس اقدامات کئے جائیں کیونکہ اس وقت وطن عزیز اور دیگر اسلامی ممالک میں یہود و نصاریٰ کے ایجنٹ دین اسلام کا نام لیکر بے گناہوں کا خون بہا رہے ہیں جو کہ امت مسلمہ کیلئے لمحہ فکریہ ہے، یہی عناصر ملک میں دہشت گردی ،فرقہ واریت اور نفرتوں کا پرچار کر کے قتل و غارت گیری کروا رہے ہیں، لہٰذا ان عناصر کا خاتمہ نہایت ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں سیکیورٹی فورسز اور افواج پاکستان جو کردار ادا کررہی ہے پوری پاکستانی قوم اس کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ علامہ حسین مسعودی نے ملک بھر میں بسنے والے تمام طبقات اور مکاتب فکر کے افراد سے کہا کہ وہ افراتفری کی سیاست کرنیوالوں کا محاسبہ کریں اور محبت وطن اور دیندار افراد کو آگے لایا جائے، جو تعصبات سے پاک ہوکر ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کریں۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169